پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹیسٹ میچ Bangladesh vs Pakistan Test Match کے پہلے تین دن بارش اور ناقص روشنی کے باعث ضائع ہوگئے۔ اس دوران صرف 63.2 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا۔ پاکستان نے چوتھے دن کے دوسرے سیشن میں 4 وکٹوں پر 300 رنز بنانے کے بعد اننگز ڈکلیئر کر دی۔
اس وقت ایسا لگ رہا تھا کہ یہ میچ ڈرا ہو جائے گا لیکن ساجد خان کی 6 وکٹوں کی وجہ سے بنگلہ دیش کو فالو آن کا خطرہ لاحق ہے۔ اس دوران چوتھے دن کا کھیل خراب روشنی کی وجہ سے ایک گھنٹہ قبل ہی ختم کرنا پڑا۔
ابھی ایک دن کا کھیل باقی ہے اور بنگلہ دیش کو فالو آن بچانے کے لیے مزید 25 رنز درکار ہیں جب کہ ٹیم پہلی اننگز کی بنیاد پر پاکستان سے 224 رنز پیچھے ہے اور اس کی تین وکٹیں باقی ہیں۔
دن کا کھیل ختم ہونے تک بنگلہ دیش کے تجربہ کار آل راؤنڈر شکیب الحسن 23 رنز Bangladesh All Rounder Shakib Al Hasan جبکہ تیج الاسلام کھاتہ کھولے بغیر کریز پر موجود ہیں۔
اس سے قبل پاکستان نے چوتھے دن کا آغاز دو وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز سے کیا۔ کپتان بابر اعظم اور اظہر علی نے تیسری وکٹ کے لیے 123 رنز کی پارٹنرشپ کرکے ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔ عبادت حسین (79 پر ایک وکٹ) نے اظہر علی کو آؤٹ کر کے ان کی 56 رنز کی اننگز کا خاتمہ کیا۔
اس کے دو اوورز کے بعد تیز گیند باز خالد احمد (40 رنز پر 1 وکٹ) نے بابر اعظم کو آؤٹ کر کے اپنے ٹیسٹ کریئر کی پہلی وکٹ لی۔ بابر نے 126 گیندوں کی اننگز میں 9 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔
اس کے بعد فواد عالم (50 ناٹ آؤٹ) اور محمد رضوان (53 ناٹ آؤٹ) نے بنگلہ دیش کو واپسی کا مزید موقع نہیں دیا۔ دونوں نے پانچویں وکٹ کے لیے 103 رنز کی ناٹ آؤٹ پارٹنرشپ کی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے تیج الاسلام سب سے کامیاب گیند باز رہے۔ انہوں نے 73 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں۔
اننگز ڈکلیئر کرنے کے بعد پاکستانی اسپنرز نے بنگلہ دیش پر شکنجہ کس دیا۔ میزبان بنگلہ دیش ٹیم کے بلے باز پاکستانی اسپنر ساجد خان اور نعمان علی کی اسپن کے سامنے بے بس نظر آئے۔ اگرچہ قسمت نے نعمان کا ساتھ نہیں دیا لیکن ان کی سخت گیند بازی کا فائدہ ساجد کو ہوا جو اپنی جانب سے سے وکٹیں لیتے رہے اور 6 وکٹیں اپنے نام کیں۔
آف اسپنر ساجد خان نے اپنے کریئر بہترین گیند بازی کرتے ہوئے 12 اوورز میں 35 رن دے کر 6 بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن کے علاوہ صرف نجم الحسین شنٹو (30) دوہرے ہندسے میں رنز بنا سکے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 8 وکٹوں سے جیتا تھا۔