پاکستانی کرکٹر و بیٹنگ کوچ یونس خان نے دھونی کے ریٹائرمنٹ پر کہا کہ 'مہیندر سنگھ دھونی میرے لیے ایک عظیم کرکٹر تھے۔ میں ان کے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ پر ان کو اور ان کی فیملی کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ دھونی نے بھارتی کرکٹ کی ذہنیت کو بدلنے کا کام کیا ہے'۔
یونس خان نے مزید کہا کہ 'دھونی کی کامیابی فیلڈ کے اندر اور باہر قابل تحسین ہے۔ وہ رہنما کے طور پر لاجواب ہیں، کرکٹر ہونے کے طور پر ہم ان کو بہت یاد کریں گے۔ میں ان کے اور ان کے اہل خانہ کے لیے بہترین زندگی کا خواہشمند ہوں، ہم (دھونی کو) یاد کریں گے'۔
وہیں پاکستان کے بالنگ کوچ اور سابق کرکٹر مشتاق احمد نے بھی دھونی کے ریٹائرمنٹ پر اپنا تبصرہ کیا ہے۔
مشتاق احمد نے کہا کہ 'ہم جانتے ہیں کہ انہوں نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لیا ہے۔ وہ بہترین کرکٹر، بہترین رہنما، اور بہترین رول ماڈل ہیں۔ وہ بھارتی نوجوانوں کے لیے بہترین رول ماڈل ہیں'۔
مشتاق احمد نے مزید کہا کہ 'دھونی کھیل کے دوران دباؤ میں بھی بالکل پرسکون ںظر آتے تھے۔ اس لیے میرا سوچنا ہے کہ بہت سے نوجوان، بھارتی نوجوان، حتی کہ ویراٹ کوہلی نے بھی ان کی قیادت میں کھیل کے دوران دباؤ میں خود پر قابو کرنا سیکھا ہے۔ میرا ماننا ہے کہ دھونی نے بھارتی کرکٹ کے لیے اپنی بہترین خدمات انجام دی ہیں'۔
واضح رہے کہ یونس خان نے بارہا دھونی کے مخالف کھیلا ہے، جس پر یونس خان نے کہا کہ دھونی کا بھارتی کرکٹ کی ذہنیت کو تبدیل کرنے میں اہم کردار ہے۔
بتا دیں کہ دھونی نے امسال یوم آزادی 15 اگست کے موقع پر بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔