وراٹ کوہلی نے شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ 'مجھے اس کے بارے میں مکمل طور پر معلومات نہیں ہے، انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس طرح کے حساس معاملے پر بغیر مکمل معلومات لیے کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔
واضح رہے کہ پورے ملک میں سی اے اے کے خلاف زبردست مظاہرے ہو رہے ہیں اور آسام کے شہر گوہاٹی میں بھی اس تعلق سے احتجاج ہوا اور ان تمام احتجاج کے درمیان اتوار کو یہیں بھارت اور سری لنکا کے درمیان ٹی 20 میچ کھیلا جائے گا۔
وراٹ کوہلی نے پہلے ٹی 20 سے قبل کہا کہ 'اس معاملے پر (سی اے اے) کسی بھی طرح غیر ذمہ دار ہو کر کچھ نہیں کہنا چاہتا، جس کے بارے مین الگ الگ سوچ ہے، مجھے مکمل معلومات لینے کی ضرورت ہے کہ اس کے کیا معنی ہیں؟ یہ جاننا ضروری ہے، اس کے بعد ذمہ داری سے اپنے خیالات کا اظہار کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ 'جب آپ کچھ کہتے ہیں تو پھر دوسرا کوئی کچھ اور کہتا ہے، لہذا میں نے کسی بھی طرح ایسے معاملے میں پھنسنا نہیں چاہوں گا جس کے بارے میں مجھے مکمل معلومات نا ہو۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ شہریت ترمیمی قانون کو لے کر آسام میں ہوئے احتجاجی مظاہروں کو دیکھتے ہوئے گوہاٹی میں کھیلے جانے والے اس میچ پر بھی خطروں کے بادل منڈلا رہے تھے لیکن منتظمین نے میچ کے انعقاد کو لے کر کسی بھی طرح کی دقت سے متعلق خبروں کو مسترد کیا ہے۔
بھارتی کپتان نے بھی اس شہر میں سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیرتے ہوئےکہا کہ گوہاٹی مکمل طور پر محفوظ ہے، انہوں نے یہ بھی کہا کہ شہر مکمل طور پر محفوظ ہے، ہم نے سڑکوں پر کسی طرح کا مسئلہ نہیں دیکھا۔'
اس بابت آسام کرکٹ ایسوسی ایشن (اے سی اے) نے پہلے ہی واضح کر دیا ہے کہ بارسا پارا کرکٹ اسٹیڈیم میں موبائل، پرس لے جانے کی اجازت نہیں ہے، اس کے علاوہ بینرس اور پوسٹرس پر بھی پابندی لگا دی ہے۔