ویسٹ انڈیز کو نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن اتوار کے روز فالو آن کا سامنا کرنا پڑا اور دوسری اننگ میں وہ اپنے چھ وکٹ 244 رن پر گنوا کر اننگ کی شکست کے بحران میں پھنس گیا ہے نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی اننگ میں 460 رن بنائے تھے، ونڈیز نے دن کا آغاز آٹھ وکٹ پر 124 رن پر کیا اور ان کی پہلی اننگ 131 رن پر سمٹ گئی۔
ویسٹ انڈیز کو فالو آن کرتے ہوئے دن کے اختتام تک ویسٹ انڈیز نے اپنی دوسری اننگ میں 244 رن پر 6 وکٹیں گنوا دیے ہیں اور اسے اننگ کی شکست سے بچنے کے لیے 85 رن بنانا باقی ہے۔
نیوزی لینڈ کو اننگ سے جیت حاصل کرنے اور سیریز میں کلین سوئپ 2-0 سے جیتنے کے لیے چار وکٹیں درکار ہے، کیوی ٹیم میچ جیتنے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو وہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کی پوائنٹ ٹیبل میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی انگلینڈ سے صرف معمولی طور سے آگے بڑھ جائے گی اور اس چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کی ان کی امیدوں میں بھی اضافہ ہوگا۔
نیوزی لینڈ نے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کو اننگ اور 134 رن سے شکست دے کر ونڈیز کے خلاف اپنی اب تک کی سب سے بڑی جیت درج کی ہے۔ صبح ہوتے ہی وکٹ کیپر جوشوا ڈا سلوا نے دو اور کیمار ہولڈر نے پانچ رن سے اپنی اننگ کو آگے بڑھایا، ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگ سات رن کا اضافہ کرنے کے بعد 131 رن پرسمٹ گئی۔
(یو این آئی)