ایک جانب لارڈس کرکٹ گراؤنڈ پر عالمی کپ کا فائنل مقابلہ کھیلا جائے گا تو دوسری جانب سال کے تیسرے گرینڈ سلیم ومبلڈن میں مردوں کا فائنل کھیلا جائے گا جبکہ برطانوی گراں پری بھی اتوار کو ہی ہوگی۔
ایک ہی جگہ تین مختلف کھیلوں کے بڑے مقابلوں کی وجہ سےعالمی کپ کے فائنل کے لیے شائقین و ناظرین کے معاملے میں دھچکا لگ سکتا ہے کیونکہ کرکٹ کے علاوہ ٹینس اور فارمولہ ون میں بھی لوگوں کی خاصی دلچسپی ہے۔
عالمی کپ اور ومبلڈن کے علاوہ برطانوی گراں پری ایف ون کے موجودہ چمپئن لوئیس ہیملٹن کی ریس بھی اتوار کو ہونی ہے۔
ہیملٹن کو یہاں اپنی حمایت میں ریس دیکھنے بھاری حامیوں کے آنے کی امید تھی لیکن عالمی کپ فائنل میں ان کے ملک انگلینڈ کا مقابلہ ہونے کی وجہ سے ان کی یہ امید معدوم ہو سکتی ہے۔
اس بارے میں ہیملٹن نے کہا کہ مجھے نہیں پتہ کہ کیوں منتظمین نے عالمی کپ اور ومبلڈن کے فائنل کے دن ہی یہ ریس رکھی ہے، مجھے امید ہے کہ مستقبل میں وہ ایسا نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اتوار کا دن ہمارے ملک کے لیے بہت اہم ہے، میں یہاں ریس جیت کر اپنے ملک کا جھنڈا لہرانے اور انہیں فخر محسوس کرانے آیا ہوں، مجھے یہاں آکر بہت اچھا محسوس ہو رہا ہے۔
جبکہ ومبلڈن میں دو اسٹار کھلاڑی سوئیٹزر لینڈ کے راجر فیڈرر اور سربیا کے نوواک جوکووچ آمنے سامنے ہوں گے۔
دوسری جانب انگلینڈ کے فائنل میں پہنچنے کی وجہ سے ورلڈ کپ کے فائنل کو پورے انگلینڈ میں مفت دکھایا جائے گا۔