ایجبسٹن میں کھیلے جارہے پہلے ٹسٹ میچ کی پہلی اننگز میں اسٹیون اسمتھ نے 122 رنوں کی شاندار اننگز کھیل کر نہ صرف انٹرنیشنل ٹسٹ کرکٹ میں دھماکہ خیز انداز میں واپسی کی بلکہ اپنی ٹیم آسٹریلیا کو بحران سے بھی نکال کر تشفی بخش مقام تک پہنچانے میں اہم رول ادا کیا۔
اسٹیون اسمتھ نے پریس کانفرنس کے دوران کہاکہ میرے خیال سے یہ میری اب تک کی سب سے بہترین اننگز میں سے ایک ہے ۔ مشکل حالات میں بیٹنگ کرنے میں بڑا مزہ آتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اننگز کی شروعات میں تھوڑی پریشانی ہوئی مگر وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان کی بیٹنگ میں پختگی آ ئی۔ آہستہ آہستہ کھیلنے کو ترجیح دی ۔ اس حکمت عملی سے مجھے کامیابی ملی ۔
اسمتھ کے مطابق انگلینڈ کے گیندبازوں کی بالنگ اچھی ہورہی تھی۔ اچھی گیندوں کا احترام کرتاتھا اور خراب گیندوں پر رن بنا نے کی کوشش کر تاتھا۔ وکٹ پر وقت گزارنے کے بعد بیٹنگ کے لیے حالات ساز گار ہو گیے ۔
آسٹریلیائی بلے باز کا کہنا ہے کہ میرے خیال سے پیٹر سیڈل نے اہم رول ادا کیا۔ پیٹر سیڈل اور نیتھن لیون کے ساتھ ہوئی شراکت داری کی وجہ سے ٹیم کو اچھا اسکور ملا۔
انہوں نے کہاکہ کبھی کبھی ٹیلنڈروں کے ساتھ بیٹنگ کرنی پڑتی ہے۔ اس دوران ٹیلنڈروں کو زیادہ سمجھانے کی ضرورت پڑتی ہے ۔ ان دونوں کی وجہ سے ہی ایجبسٹن ٹسٹ میچ میں یادگار اننگز کھیل سکاہوں۔