لاک ڈاؤن کے دوران کرکٹ آئکن سچن تندولکر، کپتان وراٹ کوہلی اور ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا لوگوں سے ٹویٹر پر گھر میں رہنے کی اپیل کر رہے ہیں۔
یہ کھلاڑی سوشل میڈیا پر لوگوں سے اس مشکل دور میں حکومت کا ساتھ دینے اور خود کو محفوظ رکھنے کی اپیل کر رہے ہیں۔
کورونا وائرس کا کھیل کی دنیا پر کافی اثر پڑا ہے اور دنیا بھر کے تمام کھیل ملتوی کئے گئے ہیں یا انہیں منسوخ کیا گیا ہے۔
کورونا کی وجہ سے 124 سالوں میں پہلی بار ٹوکیو اولمپکس کے انعقاد کو بھی 2021 تک ملتوی کیا گیا ہے جبکہ سال کے تیسرے گرینڈ سلیم ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ بھی اس کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا ہے۔ دوسری عالمی جنگ کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب ومبلڈن منسوخ کیا گیا ہے۔
کھلاڑی اس دوران اپنے مداحوں کے ساتھ ٹویٹر پر بات چیت کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ سیف ہینڈ چیلنج اور فٹ رہنے کے طریقے بھی بتا رہے ہیں۔
آئی پی ایل کی ٹیم دہلی كیپٹلس اور کنگز الیون پنجاب نے ٹوئٹر پر فین بیٹل شروع کی ہے جس کے پرستار کوئز کھیل رہے ہیں اور ٹویٹر پر انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔
اس ہفتے ہوئے پہلے فین-بیٹل میں پنجاب کی ٹیم فاتح ہوئی جس میں اس کے پرستار نے 615 پوائنٹس حاصل کئے جبکہ دہلی کا اسکور 396 رہا۔
ہندستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) بھی ٹویٹر پر کرکٹ سے منسلک شاعری، پینٹنگ اور مزاحیہ تصاویر شئیر کر رہا ہے۔
ٹوئٹر نے بھی عالمی ادارہ صحت کے ساتھ شراکت کر کے ہینڈ واشنگ نامی مہم شروع کی ہے جس میں لوگوں کو ہاتھ دھونے کے فوائد کے بارے میں بتایا جا رہا ہے۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس کے اب تک لاکھوں معاملے سامنے آئے ہیں اور ہزاروں لوگوں کی اس سے موت ہوئی ہے۔ بھارت میں بھی اس کا گہرا اثر ہے اور یہاں متاثرہ تعداد پہلے کے مقابلے کافی بڑھ گئی ہے۔