پہلے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کو فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 291 رنز بنائے جس کے جواب میں آسٹریلیائی ٹیم 45.1 اوورز میں 217 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
پہلے بلے بازی کرنے آئی جنوبی افریقہ کی شروعات اچھی نہیں رہی اور پہلی ہی گیند پر جینے ملن سلامی بلے باز مشیل اسٹارک کی گیند پر آؤٹ ہوگئے، اس کے بعد کپتان کوئنٹن ڈی کاک اور ٹیمبو بئوما نے اننگ کو سنبھالنے کی کوشش کی لیکن ڈی کاک بھی 15 رنز کے ذاتی اسکور پر ہیزل ووڈ کا شکار بنے جبکہ ٹمبو بئوما بھی 26 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد کائل ویریئن اور ہینرک کلاسین نے ٹیم کو بحران سے نکالا، بدقسمتی سے کائل ویریئن اپنی نصف سنچری پوری نہیں کر سکے اور 48 رنز کے ذاتی اسکور پر پیٹ کمنز کی گیند پر مشیل مارش کو کیچ تھما بیٹھے، تاہم ڈیوڈ ملر بہترین بلے بازی کی اور 70 گیندوں میں 64 رنز کی اننگ کھیلی اس دوران ہینرک کلاسین نے اپنی سنچری مکمل کی اور 114 گیندوں میں 123 رنز بنا کر ٹیم کا اسکور 50 اوورز میں 291 رنز تک پہچایا۔
آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز سے سے کامیاب گیندباز رہے اور تین بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ مشیل اسٹارک نے دو اور جوش ہیزل ووڈ نے ایک وکٹ حاصل کئے۔
ہدف کا تعاقب کرنے اتری آسٹریلیائی ٹیم کی بھی شروعات خاص نہیں رہی اور 49 رنز پر اس کے دونوں سلامی بلے باز پویلین لوٹ گئے ، جارحانہ بلے باز ڈیوڈ وارنر نے 25 رنز اور کپتان ارون فنچ نے نے 10 رنز بنائے، ان دونوں بلے بازوں کو لنگی اینگڈی نے آؤٹ کیا۔
اس کے بعد اسٹیو اسمتھ اور مرنس لیبیوشین نے 84 رنز کی پارٹنرشپ کر کے ٹیم کو بحران سے نکالا لیکن اس جوڑی کے ٹوٹنے کے بعد آسٹریلیائی بلے بازی تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئی اور کوئی بھی بلے باز زیادہ کریز پر نہیں ٹک سکا۔
اسٹیو اسمتھ نے تنہا مزاحمت کرتے ہوئے ٹیم کو شکست سے بچانے کی کوشش کی لیکن دوسرے بلے بازوں کا ساتھ نا ملنے کی وجہ سے ان کی یہ کوشش رائیگاں گئی اور ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
آسٹریلیا کی جانب سے اسٹیو اسمتھ نے سب سے زیادہ 76 رنز بنائے جبکہ مرنس لیبیوشین نے 41 رنز کی اننگ کھیلی اس کے علاوہ وارنر نے 25 اور ڈی ارکی شارٹ نے 18 رنز بنائے جبکہ دیگر کوئی بھی بلے باز قابل ذکر اسکور نہیں بنا سکا۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے لنگی اینگڈی نے 3 جبکہ اینرک نورجے اور تبریز شمسی نے دو دو وکٹ حاصل کئے اس کے علاوہ کیشو مہاراج اور پہلکوایو نے ایک ایک بلے باز کو پویلین کی راہ دکھائی۔
ہینرک کلاسین کو ان کی شاندار بلے بازی کے لیے پلیئر آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔