پی سی بی نے شعیب ملک کو ثانیہ مرزا اور ان کے بیٹے سے ملنے کی خصوصی اجازت دے دی ہے۔ پی سی بی نے شعیب ملک کو انگلینڈ دورے سے چار ہفتوں کے لیے چھوٹ دے دی ہے تاکہ وہ اپنے کنبہ سے مل سکیں۔
پاکستان کے اسٹار کرکٹر شعیب ملک پانچ ماہ سے اپنی اہلیہ ثانیہ مرزا اور بیٹے سے نہیں مل سکے ہیں جو کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے بھارت میں ہیں کیوں کہ کورونا اور لاک داؤن کی وجہ سے بین الاقوامی پروازیں معطل ہیں۔
شعیب کے علاوہ پاکستان کے دیگر کئی کھلاڑی 28 جون کو انگلینڈ کے دورے پر روانہ ہوں گے جبکہ شعیب 24 جولائی کو ٹیم میں شامل ہوں گے۔
پاکستانی کرکٹر کی اہلیہ ثانیہ مرزا اور ان کے بیٹے ازہان مرزا ملک بھارت جبکہ شعیب ملک سیالکوٹ پاکستان میں مقیم ہیں۔
کورونا وائرس کے سبب بین الاقوامی سفری پابندیوں سے قبل شعیب ملک پاکستان سپر لیگ میں مصروف تھے۔ 20 فروری کو شروع ہونے والا ایونٹ 17 مارچ کو التوا کا شکار ہوگیا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان کا کہنا ہے کہ ہمارے برعکس شعیب ملک اپنی پیشگی مصروفیات اور کورونا وائرس کے سبب سفری پابندیوں کے پیش نظر گزشتہ پانچ ماہ سے اپنے اہلخانہ سے نہیں مل سکے ہیں۔
وسیم خان نے کہا کہ 'چونکہ سفری پابندیوں میں آہستہ آہستہ رعایت دی جا رہی ہے جس سے اس خاندان کے دوبارہ یکجا ہونے کی امید پیدا ہوئی ہے لہذا مناسب ہے کہ ہم اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے انسانی بنیادوں پر ہمدردی کا مظاہرہ کریں اور شعیب ملک کی درخواست کا احترام کریں۔
انہوں کہا کہ بلاشبہ شعیب ملک اسکواڈ جوائن کرنے سے قبل ملک میں داخلے سے متعلق برطانوی حکومت کی پالیسیوں پر عمل کریں گے۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم ڈربی شائر روانگی سے قبل 28 جون کو مانچسٹرکے لیے روانہ ہوگی۔ ٹیم ڈربی شائر میں 14 روز تک قرنطینہ میں وقت گزارے گی اس دوران ٹیم کو ٹریننگ اور پریکٹس کرنے کی اجازت ہوگی۔
ٹریننگ اور پریکٹس کے علاوہ پریکٹس میچوں کی کمی کی تلافی کے لیے چند انٹرا اسکواڈ میچز کا انعقاد بھی کیا جائے گا کیونکہ ای سی بی کے ڈومیسٹک سیزن کا آغاز نہ ہونے کے سبب پاکستان کرکٹ ٹیم کو پریکٹس میچ کھیلنے کے لیے مقامی ٹیمیں دستیاب نہیں ہیں۔