بھارت کے سب سے کامیاب کپتانوں میں سے ایک سورو گانگولی نے آج سالانہ عام اجلاس میں بی سی سی آئی کے 39ویں چیئرمین کا عہدہ سنبھال لیا ہے۔ سپریم کورٹ کے زیر انتظام انتظامیہ کی کمیٹی کے 33 ماہ طویل حکمرانی کا خاتمہ بھی ہو گیا۔
گانگولی کو بی سی سی آئی کے صدر کے عہدے کے لیے متفقہ طور پر نامزد کیا گیا ہے جبکہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے بیٹے جے شاہ نئے سکریٹری ہوں گے۔ اتراکھنڈ کے ماہم ورما نئے نائب صدر ہوں گے۔
سورو گانگولی سکریٹری کے عہدے اور بعد میں بنگال کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر کے عہدے کے اپنے تجربے کا بھر پور استعمال کریں گے۔ انہوں نے کچھ ہدف مرتب کیے ہیں جن میں انتظامیہ کو راستے پر لانا اور فرسٹ کلاس کرکٹرز کی تنخواہ میں اضافہ شامل ہے۔
انہوں نے گذشتہ ہفتے کہا تھا کہ 'کرکٹ کے لیے کچھ اچھا کرنے کا سنہری موقع ہے لیکن 10 ماہ کی مدت کم ہے۔ یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ گانگولی بی سی سی آئی کے سابق صدر این سری نواسن اور نرنجن شاہ کے ساتھ کس طرح کا سلوک کرتے ہیں جن کے بچے اب بی سی سی آئی کا حصہ ہیں۔'
یہ دیکھنا بھی دلچسپ ہوگا کہ وہ سری نواسن کے بھروسے مند آئی پی ایل کے چیئرمین برجیش پٹیل کے ساتھ تعلقات کو کس طرح برقرار رکھتے ہیں۔ کرکٹ پالیسیوں کے علاوہ مہیندر سنگھ دھونی کا مستقبل، ڈے نائٹ ٹیسٹ کرکٹ اور مستقل ٹیسٹ سنٹرز کو بھی دیکھنا ہوگا۔