رشبھ پنت بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا حصہ تھے۔ سیریز کا دوسرا میچ ڈے نائٹ فارمیٹ میں کولکاتا کے ایڈن گارڈن میں کھیلا جا رہا ہے جو جمعہ کو شروع ہوا تھا۔
بھارتی سینئر سلیکشن کمیٹی نے پنت کو موجودہ ٹیسٹ سے ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور دوسرے ٹیسٹ کے باقی سیشن کیلئے ٹیم میں آندھرا کے وکٹ کیپر بلے باز ایس بھرت کو ردھمان ساہا کے کوور کے طور پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ آندھرا کی ٹیم مشتاق علی کے سپر لیگ میں کوالیفائی نہیں کر سکی ہے۔
نوجوان وکٹ کیپر بلے باز پنت کو ویسٹ انڈیز کے خلاف اعلان تین میچوں کی ون ڈے اور تین میچوں کی ٹوئنٹی 20 ٹیم میں شامل کیا گیا ہے اور خیال کیا جاتا ہے کہ آئندہ سریز سے پہلے پنت کو پریکٹس کے لحاظ سے اہم گھریلو ٹوئنٹی 20 ٹورنامنٹ مشتاق علی ٹرافی میں کھیلنے کے لیے بھیجا گیا ہے۔
بھارت اے ٹیم کے باقاعدہ کھلاڑی بھرت نے گزشتہ دو سیزن میں اپنی کارکردگی کی بدولت ہندستانی ٹیم میں جگہ بنائی ہے۔ انہوں نے 69 فرسٹ کلاس میچوں میں آٹھ سنچریاں اور 20 نصف سنچری بنائی ہیں جس میں ایک ٹرپل سنچری بھی شامل ہے۔
پنجاب کے گھریلو کھلاڑی شبھمن گل کو بھی سلیکٹرز نے ٹیم سے ریلیز کیا ہے جو اتوار کو اپنی ریاست کی ٹیم سے جڑیں گے۔ گل کی جگہ کسی متبادل کھلاڑی کو منتخب نہیں کیا گیا ہے۔ وہیں دہلی کی ٹیم نے سپر لیگ میں کوالیفائی کر لیا ہے اور اس کا اتوار کو ہریانہ اور 27 نومبر کو راجستھان کے خلاف اہم سپر لیگ میچ ہوگا۔
پنجاب کے بلے باز گل اپنی ٹیم کے مشتاق علی میں 24 نومبر کو کرناٹک، 25 نومبر کو تمل ناڈو اور ممبئی کے خلاف 27 نومبر کو ہونے والے سپر لیگ میچوں کے لیے دستیاب ہوں گے۔