بنگال نے جمعرات کو چوتھے دن کے کھیل کے اختتام تک چھ وکٹ پر 354 رنز بنا لئے اور وہ سوراشٹر کے پہلی اننگز کے 425 رنز کے اسکور سے 71 رنز پیچھے ہے۔ جمعہ کو پانچویں اور آخری دن صبح کے سیشن میں اس بات کا فیصلہ ہو جائے گا کہ بنگال اور سوراشٹر میں سے کون رنجی چمپئن بنتا ہے۔
بنگال نے تین وکٹ پر 134 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا اور سدیپ چٹرجی (81)، وکٹ کیپر ردھمان ساہا (64)، انستپ مجمدار (ناٹ آؤٹ 58)، شہباز احمد (16) اور ارو نندی (ناٹ آؤٹ 28) کی اننگز سے دن کے اختتام تک اپنا اسکور 147 اوور میں چھ وکٹ پر 354 رن پہنچا دیا۔
۔سدیپ نے 47 اور ساہا نے چار رنز سے اپنی اننگز کو آگے بڑھایا۔ دونوں نے چوتھے وکٹ کے لئے 101 رن کی اہم شراکت کی۔ سدیپ کو دھرمندرسنگھ جڈیجہ نے آؤٹ کیا۔ سدیپ نے 241 گیندوں پر 81 رنز کی میراتھن اننگز میں سات چوکے لگائے۔ سدیپ کا وکٹ 225 کے اسکور پر گرا۔
ساہا کو پریرک مانکڈ نے ٹیم کے 241 کے اسکور پر بولڈ کیا۔ ساہا نے 184 گیندوں پر 64 رن میں 10 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ شہباز احمد 39 گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 16 رنز بنانے کے بعد چیتن سكاريا کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
بنگال کا چھٹا وکٹ 263 کے اسکور پر گرا۔ اس وقت سوراشٹر کی ٹیم حاوی نظر آنے لگی تھی لیکن مجمدار اور نندی نے ساتویں وکٹ کی ناٹ آوٹ شراکت میں 81 رن جوڑ کر میچ کو دلچسپ بنا دیا۔
اسٹمپس کے وقت مجمدار 134 گیندوں پر آٹھ چوکوں کی مدد سے 64 رنز اور نندی 82 گیندوں میں تین چوکے اور ایک چھکے کے سہارے 28 رن بنا کر کریز پر ڈٹے ہوئے تھے۔
سوراشٹر کی جانب سے دھرمندرسنگھ جڈیجہ نے 106 رن پر دو وکٹ، مانکڈ نے 45 رن پر دو وکٹ، سكاريا نے 52 رن پر ایک وکٹ اور چراغ جانی نے 32 رن پر ایک وکٹ لیا۔