ٹیم انڈیا کے سابق بلے باز راہل ڈراویڈ بھارتی کرکٹ ٹیم کے بہترین بلے بازوں میں سے ایک تھے اور وہ ٹیسٹ کرکٹ میں ٹیم کے ایک اہم بلے باز تھے۔ اپنے مضبوط دفاع کی وجہ سے انہیں بھارتی کرکٹ میں دیوار بھی کہا جاتا ہے۔
ڈراویڈ نے کرک انفو کے ویڈیو پوڈکاسٹ میں کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ دفاعی بیٹنگ کبھی بھی کرکٹ میں غیر متعلق ہوسکتی ہے۔ یہ ہوسکتا ہے کہ اس کی اہمیت پہلے سے کم ہوگئی ہو۔ میرے خیال میں آپ کو زیادہ اسکور کرنے کے لئے ابھی بھی اپنی وکٹ بچانے کی ضرورت ہے۔ لیکن یہ سچ ہے کہ آپ بہتر دفاعی صلاحیتوں کے بغیر بھی بیٹنگ کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں آپ کو کامیاب کرکٹ کیریئر کے لئے بہتر ٹیسٹ کیریئر کی ضرورت نہیں ہے۔ اگر آپ پوری دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کو دیکھیں تو ان کے پاس دفاعی تکنیک بہتر ہے اور یہ کھلاڑی مشکل وقت میں بھی کھیل سکتے ہیں۔
ڈراویڈ نے بھارتی کپتان وراٹ کوہلی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ کی اہمیت کو بخوبی جانتے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ ٹیسٹ بیٹنگ پہلے کی نسبت بہت زیادہ دلچسپ ہوگئی ہے۔ یہ دیکھنا خوشگوار ہے کہ بلے باز جارحانہ انداز میں شاٹس کھیلتے ہیں۔
سابق کپتان ڈراویڈ نے کہا کہ ہندوستان کے لئے اچھی بات یہ ہے کہ کپتان وراٹ خود ٹیسٹ کرکٹ کی اہمیت کو سمجھتے ہیں۔ وراٹ جانتے ہیں کہ ان کے کامیاب ٹیسٹ کیریئر کی وجہ سے لوگ انہیں ایک عظیم بلے باز کے طور پر دیکھتے ہیں۔
ڈراویڈ کا ماننا ہے کہ موجودہ کپتان کوہلی سمجھ گئے ہیں کہ بطور کرکٹر ان کی اصل عزت تب ہوگی جب وہ ٹیسٹ کرکٹ میں کامیابی حاصل کریں گے۔وراٹ نے ٹیسٹ کرکٹ میں بہت نام کمایا ہے انہوں نے اپنی بیٹنگ کے ساتھ ساتھ اپنی کپتانی کے ساتھ بھی دنیا کے سامنے مثالیں پیش کیں۔
سنجے منجریکر کے ساتھ بات چیت کے دوران ڈراویڈ نے کہا کہ میرے خیال میں ٹیسٹ میں بیٹنگ پہلے کے مقابلے میں اب زیادہ دلچسپ ہوگئی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ نہیں ہے کہ دفاعی بیٹنگ کا کوئی مطلب نہیں ہے لیکن اب کھلاڑی اچھے دفاعی تکنیک کے بغیر کامیاب کیریئر بناسکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آج کے وقت میں یہ ضروری نہیں ہے کہ آپ کو ایک کامیاب کیریئر کے لئے اچھے ٹیسٹ کیریئر کی ضرورت ہو۔
47 سالہ ڈراویڈ نے کہا کہ تمام نوجوان کرکٹرز اپنے کیریئر کے شروع میں ہی کرکٹ کے تینوں فارمیٹ میں کھیلنا چاہتے ہیں لیکن وقت کے ساتھ ساتھ وہ عملی ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی میں کسی نوجوان کرکٹر سے بات کرتا ہوں اس کا ہیرو ایک ایسا کرکٹر ہوتا ہے جس نے تینوں فارمیٹس میں کامیابی حاصل کی اس کھیل کے سپر اسٹار اب بھی تینوں ہی فارمیٹ میں کھیلنا چاہتے ہیں۔
ڈراویڈ واحد کرکٹر ہیں جو دو بار 300 پلس ون ڈے انٹرنیشنل پارٹنرشپ میں شامل رہے ہیں ۔ انہوں نے بھارت کے لئے 164 ٹیسٹ میچ ، 344 ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلا ہے۔