کرائسٹ چرچ: بھارت اور نیوزی لینڈ کے مابین ہیگلے اوول میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کے اختتام تک بھارت نے 97 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔
دوسرے روز بھارتی گیندبازوں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیم کو 235 رنز پر ہی آل آوٹ کر دیا۔ دوسرے روز کے کھیل کے اختتام تک بھارت نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 90 رنز بنا لیے ہیں۔
دوسری اننگز میں بھی بھارت کے سلامی بلے باز کچھ خاص نہیں کر سکے، پرتھوی شاہ 14 رنز بنا کر ٹم ساؤتھی کا شکار بنے۔
کوہلی نے دوسری اننگز میں تین چوکوں کی مدد سے 14 رنز بنائے اور کولن ڈی گرانڈ ہوم کو اپنی وکٹ دے دی۔ اسی کے ساتھ اجنکیا رہانے نے 9 ، چیتیشور پجارا نے 24 اور امیش یادو نے ایک رن بنائے۔
ہنوما وہاری دوسرے روز کے کھیل کے اختتام تک 5 رنز اور رشب پنت ایک رن کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
نیوزی لینڈ نے دوسری اننگز میں بھی حیرت انگیز بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ ٹیم کی طرف سے ٹرینٹ بولٹ نے سب سے زیادہ تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ ٹم ساوتھی، نیل ویگنر اور کولن ڈی گرانڈہوم نے ایک ایک وکٹ حاصل کیے۔
کیوی ٹیم نے دوسرے دن 63 رنز سے کھیلنا شروع کیا تو کیوی ٹیم کے اوپنر ٹام لاتھم اور ٹام بلینڈیل نے اپنی ٹیم کو پہلے دن ایک عمدہ آغاز فراہم کیا۔ لاتھم نے 65 گیندوں پر 27 رنز بنائے جبکہ بلینڈیل نے 73 گیندوں پر 29 رنز بنائے۔
لیکن دوسرے دن نیوزی لینڈ نے پہلے ہی سیشن میں وکٹ گنوا دی۔ ہندوستانی ٹیم نے پہلی وکٹ 66 رنز پر حاصل کی ، اومیش یادو نے 30 رنز کے اسکور پر ٹام بلینڈیل کو پویلین بھیج دیا۔
لیکن وکٹوں کا تسلسل کے ساتھ جاری رہا اور نیوزی لینڈ کی آدھی ٹیم 133 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ آل راؤنڈر کولن ڈی گرینڈہوم نے 44 گیندوں پر 26 اور کِیل جیمسن نے 63 گیندوں پر 49 رنز بنائے۔
گرینڈہوم اور جیمسن کی اننگز کی مدد سے کیویز نے 235 رنز بنائے اور اس کے ساتھ ہی ہندوستان کو سات رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔
ہندوستان کی طرف سے جسپریت بمراہ نے 3 ، امیش نے 1 ، محمد شامی نے 4 اور رویندر جڈیجہ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
واضح رہے کہ اس ٹیسٹ سیریز میں میزبان نیوزی لینڈ نے 1-0 سے برتری بنائے ہوئے ہے۔