پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ہیڈ آف پلیئرز ڈیولپمنٹ ثقلین مشتاق نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایم ایس دھونی کی تعریف کی اور ان کی انٹرنیشنل کرکٹ کے میدانوں کو ہمیشہ کے لئے چھوڑ کر جانے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا تھا جس پر انہیں بورڈ کی جانب سے وارننگ دی گئی ہے اور اسٹاف کو یوٹیوب چینل استعمال کرنے سے روک دیا ہے۔
پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ ثقلین سمیت ہائی پرفارمنس سنٹر اور نئے کوچز کو پالیسی سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ میں حال ہی میں ملازمت اختیار کرنے والے سابق اسپنر ثقلین مشتاق کو تنبیہہ کرتے ہوئے انہیں اپنی ذمہ داریوں کا احساس دلایا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنی سوشل میڈیا پالیسی کو سخت کرتے ہوئے حال ہی میں ملازمت اختیار کرنے والے کوچز کو نئی گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں اورکوچز کو یوٹیوب چینلز پر مواد اپلوڈ کرنے سے منع کر دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پالیسی کے خلاف کام کرنے والوں کو ضابطے کے تحت کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس کے بعد محمد یوسف، فیصل اقبال، باسط علی اور عتیق الزماں کے یوٹیوب چینل خاموش ہو گئے ہیں۔