انگلینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز میں وائٹ واش کی صورت میں پاکستانی ٹیم 267 پوائنٹس کے ساتھ عالمی رینکنگ میں چوتھی سے دوسری پوزیشن پر چھلانگ لگا سکتی تھی لیکن پہلا مقابلہ بارش کی وجہ سے مکمل نہیں ہوسکا اور اب اگلے دونوں میچوں میں کامیابی کی صورت میں پاکستان کو 265 پوائنٹس کے ساتھ تیسرا نمبر مل سکتا ہے اور انگلینڈ کو 262 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر تنزلی اختیار کرنا پڑے گی۔
ٹی 20 سیریز میں 1-1 سے برابر رہنے پر پاکستان کو 261 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے درجے پر اکتفا کرنا ہوگا جبکہ 268 پوائنٹس کے ساتھ انگلینڈ کی دوسری پوزیشن برقرار رہے گی۔
اگر پاکستانی ٹیم اپنے اگلے دونوں میچ ہار جاتی ہے تو اسے 257 پوائنٹس کے ساتھ 5 ویں نمبر پر جانا ہوگا جب کہ انگلینڈ 273 پوائنٹس کے ساتھ رینکنگ میں پہلے نمبر پر موجود آسٹریلیا سے فاصلہ مزید کم کرلے گی۔
فی الحال آسٹریلیا (278 پوائنٹس)، انگلینڈ (268 پوائنٹس)، بھارت(266 پوائنٹس)، پاکستان(260 پوائنٹس)، جنوبی افریقہ (258 پوائنٹس)، نیوزی لینڈ (242 پوائنٹس)، سری لنکا (230 پوائنٹس)، بنگلہ دیش(229 پوائنٹس)، ویسٹ انڈیز(229 پوائنٹس) اور افغانستان (228 پوائنٹس) کے ساتھ ٹاپ 10 ٹیموں میں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ سرفراز احمد کی قیادت میں جنوری 2018 کے بعد 27 ماہ نمبر ون پوزیشن پر فائز رہنے والی پاکستانی ٹیم 2019 میں مسلسل 4 ٹی ٹوئنٹی سیریز ہارنے کے بعد رواں سال مئی میں پہلی سے چوتھی پوزیشن پر آگیا تھا۔