پاکستان کرکٹ ٹیم کا تین سال کے لیے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر بننے کے بعد مصباح الحق نے ہر قسم کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہےاور اپنا کرکٹ کا سامان ہمیشہ کے لیے پیک کردیاہے۔
45 سالہ مصباح الحق نےگذشتہ سال سوئی ناردرن کے لیے فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلی تھی اور فیصل آباد کے لیے قائد اعظم ٹرافی گریڈ ٹو میں شرکت کی تھی۔
مصباح الحق رواں سال فروری میں پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرتے ہوئے لاہور قلندرز کے خلاف ایک میچ میں مین آف دی میچ بھی بنے تھے۔
دسمبر میں قائد اعظم ٹرافی میں حبیب بینک کے خلاف اپنے آخری فرسٹ کلاس میچ میں مصباح الحق نے 91 اور 44 ناٹ آؤٹ رنز بنائے تھے۔
طاقتور ترین کوچ کے ساتھ ساتھ وہ سب سے مہنگے اور سب سے زیادہ تعلیم یافتہ پاکستانی کوچ ہیں۔ پاکستانی کوچ کو دُہری ذمے داری دے کر انہیں مکی آرتھرکے مساوی پیکیج دیا گیا ہے جو تقریباً 28 لاکھ روپے ماہانہ ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی سے معاہدہ کرنے سے قبل مصباح الحق نے ہر قسم کی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیاہے۔ اب مستقبل میں وہ کوچ کی حیثیت سے اپنی صلاحیتیں دکھائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مصباح الحق کا معاوضہ اور مراعات وہی ہوں گی جو جنوبی افریقا کے مکی آرتھر کو ملتی تھیں۔وہ اب کوچ کے ساتھ ساتھ چیف سلیکٹر انضمام الحق کی جگہ بھی کام کریں گے۔
انضمام الحق ماہانہ تقریباً سولہ لاکھ روپے تنخواہ لیتے تھے۔ پی سی بی نے غیرملکی کوچ کے برابر اپنے سابق کپتان کو مکمل اختیارات کے ساتھ اتنا ہی معاوضہ بھی دیا ہے۔