انگلینڈ کے کپتان ایون مورگن نے اس میچ میں محض 71 گیندوں میں 148 رنوں کی طوفانی اننگ کھیلی اور عالمی کپ میں انگلینڈ کی جانب سے تیسرا سب سے بڑا انفرادی اسکور بنایا۔
اس سے قبل سابق کپتان اینڈریو اسٹراس نے سنہ 2011 کے عالمی کپ میں بھارت کے خلاف 158 رنز اور جیسن رائے نے رواں عالمی کپ میں ہی بنگلہ دیش کے خلاف 153 رنز بنائے تھے۔
مورگن نے عالمی کپ کی تاریخ میں ایک اننگ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا ہے۔
انہوں نے اپنی اننگ میں 17 چھکے لگائے ہیں جبکہ سنہ 2015 کے عالمی کپ میں ویسٹ انڈیز کے جارح بلے باز کرس گیل نے زمبابوے کے خلاف 16 چھکے لگائے تھے۔
اس میچ میں انگلینڈ نے عالمی کپ میں پوری ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ چھکے لگائے ہیں، انگلینڈ کی جانب سے مجموعی طور پر 25 چھکے لگائے گئے، جبکہ انگلینڈ نے عالمی کپ میں اپنا بہترین اسکور بنایا۔
ایون مورگن اور جو روٹ نے تیسرے وکٹ کے لیے 189 رنز کی پارٹنرشپ کی جو عالمی کپ میں انگلینڈ کی جانب سے کسی بھی وکٹ کے لیے سب سے بڑ پارٹنرشپ ہے۔
اس کے علاوہ ایون مورگن نے عالمی کپ کی تاریخ میں چوتھی سب سے تیز سنچری بنائی، اس فہرست میں آئر لینڈ کے بلے باز کیون او برائن پہلے نمبر پر ہیں جنہوں نے سنہ 2011 کے عالمی کپ میں انگلینڈ کے خلاف 50 گیندوں میں سنچری مکمل کی تھی جبکہ گلین میکسویل نے 51 گیندوں میں جبکہ اے بی ڈی ویلیئرز نے 52 گیندوں میں سنچری کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔