بھارتی ٹیم کے سابق بلے باز اور بنگال کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ وی وی ایس لکشمن ویڈیو کانفرنس کے ذریعے بنگال کے بلے بازوں کی مدد کریں گے۔
لکشمن ویڈیو کلپ کے ذریعے دیکھیں گے کہ رنجی ٹرافی کے فائنل میں ٹیم کے ٹاپ آرڈر کھلاڑیوں کے ساتھ کیا غلطی ہوئی تھی۔
کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن 3 مئی تک بڑھا دیا گیا ہے اور اسی وجہ سے تمام سرگرمیاں بند ہیں۔
وہیں کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال (سی اے بی) کا دفتر 17 مارچ سے بند ہے، حالانکہ لاک ڈاون نے انتظامیہ کو نہیں روکا اور لکشمن ویڈیو کانفرنس کے ذریعے کھلاڑیوں کے ساتھ ون آن ون سیشن کا انعقاد کیا ہے۔
واضح رہے کہ بنگال کی ٹیم 13 سال بعد رنجی ٹرافی کے فائنل میں پہنچی تھی جہاں انہیں پہلی اننگز کی برتری کی بنیاد پر سوراشٹر نے ہرا دیا تھا۔ سوراشٹرا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 425 رنز بنائے، اس کے بعد بنگال کی ٹیم پہلی اننگز میں 381 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔
سی اے بی کے صدر ابھیشیک ڈالمیا نے ایک نیوز ایجنسی کو بتایا کہ 'ہم اس صورتحال کا بہترین استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ 'میں نے صبح لکشمن سے بات کی ہے۔ وہ ہمارے بلے بازوں کی کلپ دیکھیں گے اور پھر کھلاڑیوں کے ساتھ ون آن ون سیشن کریں گے۔'
وہیں بنگال کے ویڈیو انیلسٹ کلپ تیار کر رہے ہیں، جسے لکشمن کو بھیجی جائے گی۔