آئی پی ایل کے 12 ویں سیزن میں نئے چہرے، نئے نام اور نئے حوصلوں کے ساتھ جلوہ گر ہونے والی دہلی کیپیٹلز آج آئی پی ایل ٹورنامنٹ کی تاریخ میں میں پہلی بار فائنل میں داخلہ حاصل کرنے کے لیے میدان پر اترے گی جہاں اس کا مقابلہ ٹورنامنٹ کی تاریخ کی سب سے کامیاب ٹیم چینئی سپر کنگز سے ہوگا۔
حالاںکہ یہ مقابلہ دہلی کے لیے آسان نہیں ہوگا کیوںکہ اس کے سامنے چینئی سپر کنگز جیسی مضبوط ٹیم کا چیلینج ہوگا، لیکن دہلی کی شاندار کارکردگی سے اس کے مداحوں کو امید ہے کہ وہ آج کے میچ میں جیت درج کر کے فائنل تک رسائی حاصل کرے گی۔
دہلی کیپیٹلز کھیل کے تمام شعبوں میں بہتر کارکردگی کامظاہرہ کر رہی ہے اور سلامی بلے باز پرتھوی شاہ اور شکھر دھون اچھی شروعات دلا رہے رہے ہیں جبکہ کپتان شریس ایر اور رشبھ پنت ٹیم کا اسکور مستحکم کرنے میں اپنا کردار بخوبی ادا کر رہے ہیں۔
رشبھ پنت سے آج بھی بہترین کارکردگی کی امید ہوگی جنہوں نے الیمینیٹر مقابلے میں 21 گیںدوں میں 49 رنز بنائے تھے اور ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کیا تھا۔
گیندبازی کے معاملے میں ٹرینٹ بولٹ، ایشانت شرما اور امیت مشرا جیسے تجربہ کر گیندباز ہیں جو ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
دوسری جانب اپنا چوتھا خطاب جیتنے کی جانب گامزن چینئی سپر کنگز زخمی شیر جیسی حالت میں دہلی کے خلاف میدان میں اترے گی، چینئی کو پہلے کوالیفائر مقابلے میں ممبئی انڈیئنز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
کوالیفائر مقابلے میں چینئی کی بلے بازی انتہائی ناقص تھی اور محض 131 رنز ہی بنا سکی تھی، لیکن آج اس طرح کی کارکردگی اسے فائنل میں داخل ہونے سے روک سکتی ہے۔
چینئی نے سنہ 2010، سنہ 2011 اور سنہ 2018 میں خطاب پر قبضہ کیا تھا۔
حالاںکہ چینئی کے پاس بہترین بلے بازی آرڈر موجود ہے لیکن وہ اپنی کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھنے میں ناکام ہیں، ٹیم کے پاس فاف ڈو پلیسس، شین واٹسن، سریش رائنا، امباتی رائیڈو اور کپتان دھونی جیسے بلے باز ہیں جبکہ گیند بازی میں عمران طاہر سے سب سے زیادہ امیدیں ہوں گی جہنوں نے اب تک ٹورنامنٹ میں 23 وکٹیں حاص کی ہیں اور پرپل کیپ کی دوڑ میں دوسرے نمبر ہیں ان کے علاوہ ہربھجن سنگھ، رویندر جڈیجہ اور دیپک چہر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
آج کا میچ دہلی کے لیے اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ وہ سنہ 2013 سے 2018 تک کے تمام سیزن میں آخری مقام پر ٹورنامنٹ کا اختتام کیا ہے لیکن اس بار اس نے حیرت انگیز طور پر کوالیفائر تک رسائی حاصل کی ہے، اور آج اس کا مقصد اپنا پہلا فائنل مقابلہ کھیلنے کا ہوگا۔
میچ رات 7:30 بجے وشاکھا پٹنم کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔