نیوزی لینڈ نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 132 رنز بنائے تھے جسے بھارت نے 3 وکٹیں کھو کر حاصل کر لیا۔
نیوزی لینڈ ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا جسے بھارتی گیند بازوں نے غلط ثابت کرتے ہوئے اسے کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا اور کیوی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز ہی بنا سکی۔
ہدف کا تعاقب کرنے اتری بھارت کرکٹ ٹیم کی شروعات اچھی نہیں رہی اور سلامی بلے باز روہت شرما 8 رنز بنا کر جلد ہی پویلین لوٹ گئے جبکہ کپتان وراٹ کوہلی بھی زیادہ دیر تک کریز پر نہیں ٹک سکے اور 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد لوکیش راہل اور شریس ایر نے اننگ کو سنبھالا اور ٹیم کو جیت کی دہلیز لا کھڑا کیا، حالاںکہ ایر سیریز میں مسلسل دوسری نصف سنچری سے محروم ہوگئے لیکن انہوں نے ٹیم کی جیت کی راہ ہموار کر دی تھی، شریس ایر نے 33 گیندوں میں ایک چوکا اور 3 چھکوں کی مدد سے 44 رنز بنائے۔
تاہم کے ایل راہل نے مسلسل تیسری اور سیریز میں مسلسل دوسری نصف سنچری بنائی انہوں نے 50 گیندوں میں 57 رنز کی غیر مفتوح اننگ کھیلی جبکہ شیوم دوبے 8 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی کامیاب گیند باز رہے اور انہوں نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مشیل سینٹنر نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ کی جانب سے مارٹن گپٹل نے 20 گیندوں میں 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 33 رنز جبکہ ٹم سائیفرٹ نے 26 گیندوں میں ایک چوکا اور 2 چھکے کی مدد سے 33 رنز بنا کر سب سے کامیاب بلے باز رہے جبکہ کولن منرو نے 26 رنز کی اننگ کھیلی، اس کے علاوہ کوئی بھی بلے باز قابل ذکر اسکو نہیں بنا سکا۔
بھارت کی جانب سے رویندر جڈیجہ نے دو بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ شاردل ٹھاکر، جسپریت بمراہ اور شیول دوبے کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
لوکیش راہل کو ان کی شاندار نصف سنچری کے لیے پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
سیریز کا تیسرا میچ 29 جنوری کو سیڈن پارک میں کھیلا جائے گا۔