تجربہ کار وکٹ کیپر بلے باز دنیش کارتک، جو ہندوستانی ٹیم سے باہر ہیں، 10 جنوری کو کولکتہ میں شروع ہونے والے سید مشتاق علی ٹرافی ٹی۔20 ٹورنامنٹ میں تمل ناڈو کی قیادت کریں گے۔ جب کہ آل راؤنڈر وجئے شنکر کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ یہ ٹیم کے لیے اچھی خبر ہے۔ تاہم ٹیم کو قومی ٹیم کے ساتھ آسٹریلیا میں کھیل رہے تجربہ کار ہندوستانی آف اسپنر روی چندرن اشوِن، واشنگٹن سندر اور ٹی نٹراجن کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی۔
سابق کپتان ایس واسودیون کی سربراہی میں ریاست کی سینئر سلیکشن کمیٹی نے کووید۔19 کے قواعد کو مدنظر رکھتے ہوئے 20 رکنی اسکواڈ کا انتخاب کیا ہے۔
فاسٹ بالر اشون کرائسٹ نے زخموں سے صحت یاب ہوکر تین سال بعد ٹیم میں جگہ بنالی ہے، جبکہ کیرالہ کو چھوڑ کر سندیپ واریئر بھی ٹیم میں شامل ہوگئے ہیں۔ ٹیم میں اسپنرز ایم اشون، آر سائی کشور اور ایم سدھارتھ بھی شامل ہیں۔
ٹیم جمعرات سے کیمپ میں حصہ لے گی اور پریکٹس میچ بھی کھیلے گی۔ یہ ٹیم 2 جنوری کو کولکتہ روانہ ہوگی۔ واضح رہے کہ تامل ناڈو کو ایلیٹ گروپ بی میں رکھا گیا ہے۔
ٹیم کچھ اس طرح ہے: دنیش کارتک (کپتان)، وجے شنکر، بی اپراجیت، بی اندراجیت، ایم شاہ رخ خان، سی ہری نشانت، کے بی ارون کارتک، پردوش رنجن پال، این جگدیشن، اشون کرائسٹ، ایم محمد، جی پیریاسوامی، سندیپ واریئر، جے کوشک، آر سونو یادو، ایم اشون، آر سائی کشور، ایم سدھارتھ، ایل سوریا پرکاش اور آر ایس جگناتھ سرینواس۔