سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ عمر اکمل اور احمد شہزاد کے ساتھ بطور کپتان اور پلیئر کھیلتا رہا ہوں، یہ نہیں جانتا کہ لوگ دونوں کے بارے میں کیا کہتے ہیں لیکن مجھے ان کے ساتھ کبھی بھی کوئی مسئلہ نہیں ہوا، میدان کے اندر اور باہرمیری ان کے ساتھ اچھی دوستی ہے۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے سابق کپتان نے کہا کہ فی الحال پاکستانی ٹیم میں کم بیک کا نہیں سوچ رہا،ان چیزوں کی فکر کرتا ہوں جو میرے ہاتھ میں ہیں، توجہ پی ایس ایل پر مرکوز ہے۔
اپنی فارم اور فٹنس برقرار رکھنے کی کوشش کروں گا تاکہ اپنی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیلیے کارکردگی دکھاسکوں، فراغت کے دنوں میں اپنی فارم اور فٹنس بہتر بنانے کیلیے زیادہ وقت میسر ہوتا ہے، اس کا فائدہ اٹھارہا ہوں۔
سرفراز احمد نے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پی ایس ایل میں اپنے اعزاز کے دفاع کیلیے تیار ہیں،گرچہ کیٹیگریز میں تبدیلیوں کی وجہ سے چند کھلاڑیوں کی کمی محسوس ہوگی
لیکن اس کے باوجود ہماری ٹیم اچھی ہے،پہلی بار پوری پی ایس ایل پاکستان میں ہورہی ہے جس کے لیے پلیئرز خاصے پر جوش ہیں، ہوم کراڈ کے سامنے بہترین کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے۔