ملبورن کے جنکشن اوول گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کرتے ہوئے آسٹریلیائی خواتین ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر173 رن بنا ئے۔
جواب میں بھارتی خواتین ٹیم نے مندھانا اور شیفالی کی بہترین اننگوں کی بدولت 19.4 اووروں میں محض 3 وکٹ کے نقصان پر 177 رن بناکر میچ جیت لیا۔
آسٹریلیاکی اننگز میں ایشلے گارڈنرکی 93 رنوں کی اننگز اہم تھی ۔ گارڈنر کو شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لئے پلیئر آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا ہے۔
آسٹریلیائی اننگ میں گارڈنر کے علاوہ کپتان میگ لیننگ نے 37 رن، بیتھ مونے نے 16 اور ایلیسے پیری نے 13 رن بنائے جبکہ رچائل ہائنیس 11 اور صوفی مولینیکس ایک ایک رن بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔
بھارت کی دپتی شرما نے 27 رن دے کر دو وکٹ لئے اور راجیشوری گائیکواڑ ، رادھا یادو اور ہرلین دیول کو ایک۔ ایک وکٹ ملا۔
ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بھارت نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا اور دونوں سلامی بلے باز مندھانا اور شیفالی کے درمیان پہلے وکٹ کے لئے 85 رنوں کی شراکت داری رہی ۔
بھارت کو پہلا جھٹکہ شیفالی کےآؤٹ ہوجانے سے لگا اس کے بعد جیمیما راڈرگس نے مندھانا کی ساتھ اننگ کو آگے بڑھاتے ہوئے 19 گیندوں میں پانچ چوکے مار کر 30 رن بنائے۔
مندھانا اور راڈرگس کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان ہرمن پریت کور اور دپتی شرما نے اننگ کو آگے بڑھاتے ہوئے ناٹ آؤٹ رہ کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔
ہرمن پریت نے 20 رن اور دپتی نے 11 رن بنائے۔ آسٹریلیائی گیندباز پیری، میگن شوٹ اور نکولا کیری کو ایک ۔ ایک وکٹ ملا۔
بھارت کی اس فتح سے اس کے فائنل میں جانے کی امیدیں ابھی برقرار ہیں۔ ٹیم انڈیا نے اس ٹورنامینٹ میں اپنے چار مقابلوں میں سے دو میچوں میں فتح حاصل کی ہے اور دو میچوں میں اسے شکست کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔