ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) بقیہ آئی پی ایل 2021 سیشن کو متحدہ عرب امارات ( یو اے ای ) میں کروانے کا فیصلہ کرنے کے بعداس سمت میں سرگرم طریقہ سے کام کررہا ہے۔ امارات کرکٹ بورڈ (ای سی بی) سے بات چیت کے بعد، بی سی سی آئی کے افسران اب متحدہ عرب امارات کی حکومت سے آئی پی ایل 2021 کے انعقاد کے بندوبست کو حتمی شکل دینے پر بات چیت کرنے کے لئے دبئی پہنچ گئے ہیں۔
بی سی سی آئی کے سکریٹری جئے شاہ، خزانچی ارون سنگھ دھومل، نائب صدر راجیو شکلا اور جوائنٹ سکریٹری جیش جارج کی موجودگی والا وفد خصوصی اجازت ملنے کے بعد پیر کے روز دبئی پہنچا ہے۔ اطلاعات کے مطابق، متحدہ عرب امارات کی حکومت کے ہندوستان سے سفر پر پابندی کے پیش نظر، ای سی بی کے عہدیداروں کو بی سی سی آئی افسران کے یہاں آنے کی اجازت حاصل کرنے کے لئے متحدہ عرب امارات کی حکومت سے رجوع کرنا پڑا تھا۔ اجازت ملنے کے بعد افسران چارٹر فلائٹ کے ذریعے یہاں پہنچے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سخت مقابلے میں میری کوم کو شکست، ریکارڈ چھٹے طلائی تمغے سے محروم
ای سی بی کے افسران کے مطابق اس مرتبہ 31 میچوں کا انعقاد مشکل نہیں ہوگا کیونکہ ان کے پاس گزشتہ سال اسے منعقد کرنے کا تجربہ ہے۔ اس کے علاوہ ان کے پاس انعقاد سے متعلق بندوبست کرنے کے لئے 100 دن کا اضافی وقت ہے ۔
یو این آئی