ممبئی: بھارت کے 283 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی شروعات خراب رہی اور پہلے ہی اوور میں اس نے کپتان الیسا ہیلی کا وکٹ صفر پر گنوا دیا۔ اس کے بعد لیچفیلڈ نے پیری کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لیے 148 رنز کی سنچری پارٹنرشپ کرکے ٹیم کو سنبھالا۔ لیچفیلڈ نے 89 گیندوں میں آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 78 رنز بنائے۔ پیری نے 72 گیندوں میں 75 رنز بنائے۔ بیتھ مونی 42 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ، میک گرا 68 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ اور ایشلے گارڈنر سات رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔ آسٹریلیا نے 46.3 اوورز میں چار وکٹوں پر 285 رنز بنا کر میچ جیت لیا۔ اس کے ساتھ آسٹریلیا نے تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔
ہندوستان کی جانب سے رینوکا سنگھ، پوجا وستراکر، اسنیہ رانا اور دیپتی شرما نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل جمیمہ روڈریگس کی 82 رنز کی طوفانی اننگز اور پوجا وستراکر کی 62 رنز کی نصف سنچری کی بدولت ہندوستان نے جمعرات کو پہلے ون ڈے میں آسٹریلیا کو جیت کے لیے 283 رنز کا ہدف دیا ہے۔
ہندوستان نے آج یہاں ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ اوپننگ بلے باز یاستیکا بھاٹیہ اور شیفالی ورما نے اننگز کا آغاز کیا۔ تاہم ہندوستان کی شروعات خراب رہی اور تیسرے اوور کی دوسری گیند پر براؤن نے شیفالی ورما کو ایک رن پر بولڈ کر کے پویلین بھیج دیا۔ اس کے بعد یاستیکا بھاٹیہ نے دوسرے وکٹ کے لیے رچا گھوش کے ساتھ 29 رنز کی شراکت داری کی۔ رچا آٹھویں اوور میں 20 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے 21 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئیں۔ کپتان ہرمن پریت کور نو رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئیں۔ یاستیکا ایک رن سے اپنی نصف سنچری سے محروم ہوگئیں۔ انہوں نے 64 گیندوں میں 49 رنز بنائے۔ دیپتی شرما نے بھی 21، امن جوت کون نے 20 اور اسنیہ رانا نے ایک رن کا تعاون دیا۔
جمیمہ روڈریگس نے طوفانی اننگز کھیلی اور 77 گیندوں پر 82 رنز بنائے۔ انہوں نے اپنی اننگز میں سات چوکے لگائے۔ آخر میں پوجا وستراکر نے طوفانی انداز میں تیز رن بنائے۔
یہ بھی پڑھیں:سنچورین ٹیسٹ میں ٹیم انڈیا کی محض تین دنوں میں ایک اننگ اور 32 رنوں سے شکست
وہ 46 گیندوں میں 62 رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہیں۔ انہوں نے اپنی اننگز میں سات چوکے اور دو چھکے لگائے۔ رینوکا سنگھ پانچ رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔ ہندوستان نے مقررہ 50 اوورز میں آٹھ وکٹوں پر 282 رنز بنائے۔آسٹریلیا کی جانب سے ایشلے گارڈنر اور جارجیا ویرہم نے دو دو وکٹ حاصل کئے۔ جبکہ ڈارسی براؤن، میگن شوٹ، اینابیل سدرلینڈ اور الانا کنگ نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔