برمنگھم: ایشز 2023 کا پہلا ٹیسٹ میچ بہے دلچسپ رہا۔ پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 2 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ کپتان پیٹ کمنز نے پہلے ٹیسٹ میچ میں نہ صرف کپتانی اننگز کھیلی بلکہ آٹھ وکٹ گرنے کے بعد ناتھن لیون کے ساتھ جیت دلاکر ہی پویلین لوٹے۔ تاہم دونوں اننگز میں عمدہ بیٹنگ کرنے والے عثمان خواجہ کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔ بارش سے متاثرہ اس میچ میں آسٹریلیا نے ٹیسٹ سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ 281 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اترنے والی آسٹریلیائی ٹیم نے چوتھے روز ہی تین وکٹیں گنوادیں تاہم عثمان خواجہ اور کپتان پیٹ کمنز کی ٹھوس اننگز اور دیگر کھلاڑیوں کی چھوٹی شراکت کی وجہ سے ٹیم جیت گئی۔
یہ بھی پڑھیں: ODI World Cup Qualifier سکندر رضا کی طوفانی سنچری، زمبابوے کی نیدرلینڈز پر آسان جیت
میچ کے 5ویں دن بارش کے باعث کھیل تاخیر سے شروع ہوا اور انگلینڈ کئی بار میچ میں واپسی کی کوشش کر رہا تھا۔ بین اسٹوکس نے خواجہ کو آؤٹ کیا تو ایک بار پھر میچ انگلینڈ کی جیب میں جاتا نظر آیا۔ لیکن کمنز-لیون کی 55 رنز کی شراکت نے ٹیم کو فتح دلائی اور آخری شاٹ بھی کمنز کے بلے سے آیا۔ واضح رہے کہ برمنگھم ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی ٹیم کو 281 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے آخری روز جیت کے لیے صرف 174 رنز درکار تھے اور اس کی 7 وکٹیں باقی تھیں۔ لیکن بارش کی وجہ سے ہدف حاصل کرنا مشکل دکھائی دے رہا تھا۔ دوسری اننگز میں کینگرو ٹیم نے ہدف 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے سیریز میں برتری حاصل کر لی۔