جوہانسبرگ: سابق وکٹ کیپر اورجنوبی افریقہ کی ٹیم کے موجودہ ہیڈ کوچ مارک باؤچر کو لگتا ہے کہ اے بی ڈی ویلیئرز کے پاس انٹرنیشنل کرکٹ میں واپس نہ آنے کی اپنی وجوہات ہیں۔
مارک باؤچر نے کہا ہے کہ اے بی ڈی ویلیئرز ہر ماحول میں جان ڈالنے والی شخصیت ہیں، میں ان کے ریٹائرمنٹ واپس نہ لینے کے فیصلے کا احترام کرتا ہوں۔
مارک باؤچر کا کہنا ہے کہ اے بی ڈی ویلیئرز کسی کھلاڑی کی جگہ چھیننا نہیں چاہتے۔ میں ان کے فیصلہ کو بدقسمتی کہوں گا کیونکہ میرے خیال میں ہم سب متفق ہیں کہ وہ اب بھی بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں اے بی ڈی ویلیئرز کے فیصلہ کا احترام کرتا ہوں لیکن اب آگے بڑھنا چاہئے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کرکٹ جنوبی افریقہ نے سابق کپتان سے اپنے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لینے کی درخواست کی تھی، جس پر اے بی ڈی ویلیئرز نے اپنے بورڈ کو جواب دیا ہے کہ ان کے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ آخری ہے اور واپسی کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
واضح رہے کہ اے بی ڈی ویلیئرز نے مئی 2018 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ اس کے بعد ساؤتھ افریقہ کرکٹ بورڈ نے متعدد بار ان سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کی اپیل کی تھی۔