خواتین یک روزہ کرکٹ عالمی کپ 2022، بھارتی ٹیم کی کپتان متالی راج کا آخری ٹورنامنٹ ہوسکتا ہے۔
مایہ ناز خاتون بلے باز متالی راج نے اپنے دو دہائی سے بھی زائد عرصے پر محیط کیریئر کے خاتمے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ میں جانتی ہوں کہ 2022 میں نیوزی لینڈ میں منعقد ہونے والا یک روزہ ورلڈ کپ میرے 21 سالہ طویل بین الاقوامی کرکٹ کیرئر کا آخری ٹورنامنٹ ہوگا۔ متالی نے کہا کہ میرے کیریئر کا آخری سال میرے بین الاقوامی کرکٹ کے 20 سال کے برابر تھا۔
بھارتی کپتان نے ورچوئل طور سے کتاب کی ریلیز کے دوران کہا کہ 'مجھے معلوم ہے کہ ہم مشکل وقت میں ہیں لیکن مجھے اپنی فٹنس پرکام کرتے رہنے کے لیے بہت کم وقت لگتا ہے۔ میں اب نوجوان نہیں رہی ہوں اور مجھے فٹنس کی اہمیت پتہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ 'ایک اچھے جذباتی اور ذہنی توازن میں رہنا اہم ہے، یہ جانتے ہوئے کہ ہمارے پاس عالمی کپ سے پہلے بہت کم دورے ہوں گے۔ اب سے میرے لیے ہر دورہ ایک بلے باز کی حیثیت سے اہم ہے۔ اس سے مجھے یہ سمجھنے میں مدد ملے گی کہ میں کس طرح سے ورلڈ کپ کے لیے ایک بہتر ٹیم تیارکروں۔'
ایک سوال کے جواب میں متالی راج نے کہا کہ 'ہاں، میں پر امید ہوں۔ ان دنوں ساتھی کھلاڑی جن سہولیات میں جس طرح کھیل رہے ہیں اور آئندہ سیریزکے لیے جوش دکھا رہے ہیں وہ بہت اچھا ہے۔'
متالی نے تسلیم کیا کہ تیز گیندبازی ایک ایسا شعبہ ہے جس میں ٹیم کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے خاص طور پر اس لیے کیونکہ اہم گیندباز جھولن گوسوامی بھی اپنے کیرئر کے آخری مرحلے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یقیناً کچھ کھلاڑیوں کو دیکھنے اور عالمی کپ کے لیے تیار کرنے کی ضرورت ہے۔