عالمی چیمپیئن بھارتی بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو کل سے شروع ہونے والے ملیشیا ماسٹرز سپر 500 ٹورنامنٹ میں جیت کے ساتھ نئے سال کا آغاز کرنا چاہیں گی۔
اولمپک میں چاندی کا تمغہ جیتنے والی سندھو گذشتہ برس ورلڈ چیمپیئن شپ کا اعزاز جیتنے کے بعد سے اب تک کے بدترین مرحلے سے گذر رہی ہیں اور گذشتہ ماہ دسمبر میں وہ ورلڈ ٹور فائنل میں اپنے اعزاز کو بچانے میں بھی ناکام رہی تھیں۔
دنیا کی چھٹے نمبر کی کھلاڑی سندھو کو ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ میں روس کی یوگینیہ کوسیٹسکایا کے خلاف مقابلہ کرنا ہے۔ اگر سندھو پہلے راؤنڈ کی رکاوٹ کو عبور کرتی ہیں تو انہیں کوارٹر فائنل میں عالمی نمبر ایک چینی تائپی کی تائی ژو ینگ کے خلاف اترنا پڑ سکتا ہے۔
ویمنز سنگلز میں سندھو کے علاوہ گذشتہ برس انڈونیشیا ماسٹرس کا جیتنے والی سائنا نہوال کو اپنے پہلے راؤنڈ میں کوالیفائر کے خلاف کھیلنا ہے۔
مینز سنگلز میں بی سائی پرنیت کا مقابلہ پہلے راؤنڈ میں تھائی لینڈ کے کانٹافون وانچورینگ سے ہوگا اور کیدمبی سریکنت کا مقابلہ چینی تائپے کے چو تیئن چن سے ہوگا۔
اسی کے ساتھ ساتھ سابقہ عالمی نمبر 6 پاروپلی کشیپ کا مقابلہ ٹاپ سیڈ اور عالمی نمبر ون جاپان کے کینٹو موموٹہ سے ہوگا جبکہ ایچ ایس پرنائے کا مقابلہ موموٹا کے ہم وطن کانتا سنیمایا سے ہوگا۔