سوناکشی نے اپنی ابتدائی تعلیم ممبئی کے آریہ ودیہ مندر اور ممبئی کے نتھی بائی دامودر ٹھاکرے وومین یونیورسٹی سے فیشن ڈیزائننگ میں گریجویشن کیا ہے، سوناکشی نے 2005 میں بننے والی فلم ’میرا دل لیکر دیکھو‘ میں ڈریس ڈیزائن کر کے بطور کاسٹیوم ڈیزائنر اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔
فلموں میں آنے سے قبل سوناکشی ایک ماڈل تھیں۔ سال 2008 اور 2009 میں سوناکشی نے لکمے فیشن ویک میں ریمپ واک کیا تھا۔
ان کا کہنا ہے کہ ان کے فلمی کیریئر میں سلمان خان کا ہاتھ ہے۔ سلمان کے مشورے پر ہی سوناکشی نے سوئمنگ، یوگا کرکے اپنا 30 کلو وزن کم کیا تھا۔ سوناکشی کو پینٹنگ اور اسکیچ بنانے کا بھی بہت شوق ہے۔ وہ فلم لٹیرا میں بھی پینٹنگ کرتی نظر آئیں۔ انہیں ساڑی پہننا بھی بہت پسند ہے۔ سوناکشی کو ریپر کےطورپر بھی جانا جاتا ہے۔ اس نے کئی گانوں میں ریپنگ کی ہے۔
سوناکشی سنہا نے بطور اداکارہ اپنے کیریئر کا آغاز 2010 میں آئی فلم دبنگ سے کیا تھا۔ اس فلم میں سوناکشی کے اپوزٹ سلمان خان تھے۔سلمان اور سوناکشی کی جوڑی کو ناظرین نے خوب پسند کیا اور یہ فلم باکس آفس پر سپر ہٹ ثابت ہوئی۔ اس کے بعد سوناکشی نے دبنگ ۔2، سن آف سردار۔راؤڈی راٹھور ، آر۔ راجکمار اور ہولی ڈے جیسی سپر ہٹ فلموں میں بھی کام کیا ہے۔
سال 2013 میں ریلیز فلم لٹیرا متوقع کامیابی حاصل نہیں کرپائی لیکن سوناکشی کی اداکاری کو ناظرین اور ناقدین نے خوب پسند کیا۔سوناکشی بالی ووڈ کی ان اداکاراؤں میں سے ایک ہیں جنہوں نے مختصر وقت میں ہی بالی ووڈ میں اپنا مقام حاصل کرلیا۔ سال 2019 میں سوناکشی کی دبنگ۔ 3 اور مشن منگل جیسی سپر ہٹ فلمیں ریلیز ہوئیں۔ ان کی آنے والی فلموں میں بھٗج: دی پرائیڈ آف انڈیا قابل ذکر ہیں۔