سنجے دت کو لیلاوتی اسپتال میں سانس میں تکلیف ہونے کے بعد داخل کرایا گیا تھا جہاں ان کی کورونا کی رپورٹ منفی آئی اور انہیں پیر کے روز ڈسچارج کیا گیا۔ طبی جانچ کے مطابق سنجے دت کو پھیپھڑے میں کینسر ہو گیا ہے۔
واضح رہے کہ سنجے دت کو گزشتہ دنوں لیلاوتی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں ان کا متعدد طبی معائنہ کیا گیا۔
نامور فلمی صحافی کومل ناتھ نے ٹویٹر پر یہ اطلاع دی ہے کہ 'سنجے دت کو پھیپھڑوں کا کینسر ہو گیا ہے اور ان کی صحتیابی کے لیے دعا کر رہے ہیں۔'
سنجے دت نے خود بھی اپنے ٹویٹر پر اس بات کی اطلاع دی ہے کہ وہ اب فلموں اور دیگر سرگرمیوں سے مختصر رخصت لیں گے اور اپنی صحت و علاج کے لیے توجہ مرکوز کریں گے۔
انہوں نے اپنے مداحوں سے بھی گزارش کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر یہ قیاس آرائیاں نہ کریں نیز اپنے مداحوں کی دعاؤں اور پیار سے وہ جلد ہی فلموں میں نظر آئیں گے۔
اطلاعات کے طابق سنجے دت کینسر کے علاج کے لیے جلد ہی امریکہ روانہ ہوں گے۔ واضح رہے کہ سنجے دت کی اہلیہ مانیاتا اور ان کے دونوں بچے فی الوقت دبئی میں قیام پذیر ہیں اور لاک ڈاؤن کے سبب ان کی اب تک وطن واپسی نہیں ہوئی ہے۔