سپر اسٹار سلمان خان کے بارے میں نئی اطلاعات آئی ہیں کہ وہ لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد اپنے بہنوئی آیوش شرما کے ساتھ مراٹھی فلم کی ریمیک میں کام کرنے جارہے ہیں۔
خبر ہے کہ سلمان ہٹ مراٹھی فلم 'مُلشی پیٹرن' کا ریمیک بنانے جا رہے ہیں جس میں وہ اور آیوش ایک اہم کردار ادا کریں گے۔
فلم میں سلمان ایک پولیس اہلکار کا مضبوط کردار ادا کریں گے، جو ایک گینگسٹر (آیوش شرما) کا پیچھا کرے گا۔
اطلاعات کے مطابق مراٹھی فلم 'ملشی پیٹرن' ہٹ ہونے کے بعد ہدایتکار پروین تردے نے ارباز اور سلمان کے لیے خصوصی اسکریننگ رکھی تھی۔ ان دونوں کو فلم بہت پسند آئی اور اب وہ اس کی ہندی ریمیک بنانا چاہتے ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ سلمان نے حال ہی میں 'ملشی پیٹرن' کے ری میک کے حقوق حاصل کرلئے ہیں اور جلد ہی اس کا اعلان کریں گے۔ لیکن فلم کی ہدایتکاری پروین تردے کی بجائے ابھیراج میناوالا کریں گے۔ ابھیراج میناوالا نے 'لوراتری' کی ہدایتکاری کی تھی۔
'لوراتری' آیوش کی پہلی فلم تھی جس میں سلمان نے انہیں مرکزی اسٹار کے طور پر لانچ کیا تھا۔
لاک ڈاؤن سے پہلے سلمان کے دوسرے کاموں کے بارے میں بات کریں تو وہ اپنی آنے والی ایکشن ڈرامہ فلم 'رادھے: یور ماسٹ وانٹیڈ بھائی' کی شوٹنگ کر رہے تھے۔ اس کے علاوہ وہ آنے والے سال میں 'کبھی عید کبھی دیوالی' میں پوجا ہیگڑے کے ساتھ رومانس کرتے نظر آئیں گے۔