بالی ووڈ کے مشہور اداکار سشانت سنگھ راجپوت کو ان کے آبائی ضلع پورنیا میں انہیں بہترین انداز میں خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔اب شہر کے تاریخی فورڈ کمپنی چوک کا نام سشانت سنگھ راجپوت چوک ہوگا۔ وہیں اسی کے ساتھ مدھوبنی سے ماتا استھان کو جوڑنے والی سڑک کو بھی اب سشانت سنگھ راجپوت کے نام سے جانا جائے گا۔
جمعرات کے روز پورنیا میونسپل کارپوریشن کی میئر سویتا دیوی نے سشانت کی یاد میں اس کا باضابطہ طور پر افتتاح کیا۔
اس سلسلہ میں پورنیا میونسپل کارپوریشن کی مئیر نے کہا کہ اداکار سشانت سنگھ راجپوت جنہیں ان کا آبائی ضلع گلشن کے نام سے پکارتا تھا۔گلشن کی موت کے بعد سے ہم سب افسردہ تھے۔لہذا ضلع کے سب سے عزیز اور تاریخی سڑکوں کے نام کو بدل کر سشانت سنگھ راجپوت کے نام پر رکھا گیا ہے۔
میئر نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن نے اس تجویز کو منظور کرنے کے بعد اس کا افتتاح کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ سشانت سنگھ راجپوت کا آبائی گاؤں پورنیا ہے اور ان کی اچانک موت ہوجانے کے بعد یہاں کے لوگوں نے مسلسل ان کے نام پر چوک بنانے کا مطالبہ کیا۔
اس دوران سشانت سنگھ راجپوت کے بچپن کے دوست اور بہار وکاس مورچہ کے صدر راکیش سنگھ نے کہا کہ سشانت کو اس سے بہتر خراج تحسین نہیں دی جاسکتی تھی۔ملک اور دنیا بھر میں اپنی منفرد صلاحیتوں کی وجہ سے اپنے نام کے ساتھ پورنیا کا نام روشن کرنے والے بالی ووڈ کے مشہور اداکار سشانت سنگھ راجپوت کو سچی خراج تحسین پیش کی۔
اس دوران انہوں نے کہا کہ فورڈ کمپنی چوک اور مدھوبنی سے ماتا استھان کو جانے والی سڑک کا نام بدل کر سشانت سنگھ راجپوت کے نام پر رکھا گیا ہے۔