اداکار سشانت سنگھ کی موت نے بالی ووڈ پر سوال اٹھانے شروع کر دیے ہیں۔ ان سب کے درمیان اداکارہ جیا خان کی والدہ رابعہ خان نے بھی سشانت کی موت پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بالی ووڈ میں اقربا پروری پر ایک بار پھر سوال اٹھائے۔
ریا چکرورتی کے بارے میں بات کرتے ہوئے رابعہ خان نے کہا کہ 'ریا بہت چالاک لڑکی ہے، جسے معلوم ہے کہ کیسے سشانت کو اس بات کا یقین دلایا جائے کہ وہ ذہنی طور پر کمزور ہیں۔'
رابعہ نے مزید کہا کہ 'ریا بار بار سشنات کو یہ احساس دلاتی تھی کہ انہیں کانسلنگ اور دواوں کی ضرورت ہے، انہیں بار بار ڈپریشن، اضطراب اور درد کے بارے میں کہہ کہہ کر اس بات کا یقین دلاتی رہیں کہ وہ ذہنی طور پر بیمار ہیں۔'
رابعہ خان نے مزید کہا کہ 'جب وہ ان پریشانیوں میں مبتلا تھے تب ریا نے کیا کیا، ریا نے یہ جانتے ہوئے کہ ان کی حالت صحیح نہیں ہے تب ہی سشانت کا فون کیوں نہیں اٹھایا یا ریا کو فون نہیں اٹھانے کے لیے کہا گیا تھا؟ کیا اچھے دوست ہونے کا ثبوت یہی ہے کہ ان کی مدد کرنے کے بجائے کام کرنے کا لالچ رکھنا۔'
اداکار کی موت پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے رابعہ نے کہا کہ یہ خبر دل توڑ دینے والی ہے۔
رابعہ نے اداکار سلمان خان پر بھی الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی مذاق نہیں ہے۔ بالی ووڈ کو بدلنا ہوگا۔ بالی ووڈ کو گہری نیند سے جاگنا ہوگا۔ بالی ووڈ کو غنڈہ گردی کو مکمل طور پر ختم کرنا ہوگا۔
واضح رہے کہ رابعہ خان کی بیٹی جیا خان نے سنہ 2013 میں خود کشی کر لی تھی۔