ابھیشیک نے اپنی فلم راون سے منسلک یادوں کو انسٹاگرام پر شیئر کیا ہے۔ حالانکہ فلم باکس آفس پر کوئی خاص کمال نہیں دکھا پائی لیکن یہ فلم کچھ وجوہات کی بنا پر ابھیشیک بچن کے دل کے بہت قریب ہے۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں اس فلم کو اپنے دل سے بہت قریب ہونے کی وجہ بھی بتائی ہے۔
ابھیشیک نے لکھا ’’میرے کیریئر میں فلم راون میرے لئے جسمانی اور جذباتی طور پر چیلنجنگ فلم رہی ہے۔ بہت حیرت ہوتی ہے کہ کس طرح ٹیم اسے بنانے میں کامیاب رہی۔ منی اور میں تیسری مرتبہ ایک ساتھ آئے تھے۔ میرے خیال میں یہ ایک بہت ہی اہم کہانی تھی جسے انہیں بنانا اور لوگوں کو سنانا تھا۔ میری اہلیہ کے ساتھ میری آٹھویں فلم‘‘۔
ابھیشیک نے ایشوریہ کی تعریف کرتے ہوئے لکھا ’’ پوری فلم کی شوٹنگ کے دوران وہ کمال کررہی تھیں۔ ان کی لگن اور توانائی ان سے وہ پیچیدہ پرفارمس کرواپائیں جس نے ان کے کردار کو بہت بڑا بنادیا۔ اس نے یہ سب اس کی جانی پہچانی مسکراہٹ کے ساتھ کیا۔ یہ سوچنا کہ اسے بھی ہر منظر پرفارم کرنا ہے، مجھے حیران کردیتا ہے اور ہمیں اسے دو بار کرنا ہوتا کیونکہ ہم ہندی اور تامل ورژن ایک ساتھ شوٹ کر رہے تھے‘‘۔