بالی ووڈ اداکار عامر خان نے ترکی کی خاتون اول ایمن اردگان سے ملاقات کی۔ عامر اپنی آئندہ ریلیز ہونے والی فلم لال سنگھ چڈھا کی شوٹنگ دوبارہ شروع کرنے کے لئے ترکی پہنچے ہوئے ہیں، جہاں انہوں نے خاتون اول کی دعوت پر ان سے ملاقات کی۔
بالی ووڈ اداکار اور ترکی کی خاتون اول نے عامر خان اور ان کی اہلیہ کرن راؤ کے ذریعہ شروع کئے گئے مختلف منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا، جس میں پانی فاؤنڈیشن کے کام پر بھی سیر حاصل بات چیت ہوئی۔
عامر خان نے کرن کے ترکی میں کچھ دن مقیم رہنے کے متعلق بھی بات چیت کی ہے۔
سوشل میڈیا پر اس ملاقات کی کچھ تصویروں کو شیئر کرتے ہوئے ترکی کی خاتون اول نے لکھا کہ مجھے عالمی شہرت یافتہ بھارتی اداکار، فلم ساز اور ہدایت کار عامر خاں سے استنبول میں ملاقات کر بہت خوشی ہوئی۔
انہوں نے اپنے ٹویٹ میں آگے لکھا کہ مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی کہ عامر خاں نے اپنی تازہ ترین فلم لال سنگھ چڈھا کی شوٹنگ کو ترکی کے مختلف علاقوں میں مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میں اس کی منتظر رہوں گی۔
تصویر میں اداکار ہیوبر مینشن کی بالکونی میں ترکی کی خاتون اول کے ساتھ بیٹھ کر باتیں کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ نیلے اور سفید رنگ کی چیک شرٹ اور ڈینم میں ملبوس عامر ہمیشہ کی طرح اسمارٹ دکھائی دے رہے تھے۔
کورونا وائرس وبائی امراض کی وجہ سے ملک گیر لاک ڈاؤن کے اعلان کے بعد لال سنگھ چڈھا کی شوٹنگ روک دی گئی تھی۔