گنٹور: آندھرا پردیش کے ضلع گنٹور کی پولیس نے نادی کوڈی اسٹیٹ بینک ڈکیتی کیس میں دو ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ رواں ماہ کی اکیس تاریخ کو بینک سے 77 لاکھ روپے کی چوری ہوئی تھی۔ گنٹور ایس پی وشال غنی نے بتایا کہ پولیس نے جدید ٹکنالوجی کا استعمال کرکے فوری کارروائی کرتے ڈکیتی کرنے والے ملزم کو گرفتار کیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ انہوں نے ریاست تلنگانہ کے ماریالاگوڈا سے کیدار پرساد اور ونئے راملو کو گرفتار کیا ہے۔ تاہم ان دونوں کی ماضی میں کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں ہے۔
ملزمان نے بتایا کہ انہوں نے یوٹیوب کی ویڈیو دیکھ کر چوری کرنا سیکھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مالی پریشانی اور قرض سے نکلنے کے لیے انہوں نے چوری کی ہے۔
ایس پی وشال غنی نے بتایا کہ ڈاکوؤں نے پکڑے جانے سے بچنے کے لیے جائے وقوع پر سی سی ٹی وی تاروں کو کاٹنے ماسک پہننے اور دیگر احتیاطی تدابیر اختیار کیں۔
ایس پی نے بتایا کہ ملزمین کی گرفتاری اور چوری شدہ 77 لاکھ روپے کی وصولی کے لیے 8 خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں ہیں۔ اطلاعات کے مطابق یہ ملک میں بینک ڈکیتی کی کل بڑی وارداتوں میں سے ایک ہے۔