واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن نے ریاستہائے متحدہ امریکہ کے صدر کے طور پر دوبارہ انتخاب میں حصہ لینے کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔ اس اعلان کے ساتھ ہی وہ امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ دوبارہ انتخابی حریف بن جائیں گے کیونکہ ریپبلکن امیدوار ٹرمپ پہلے ہی انتخاب میں حصہ لینے کا اعلان کرچکے ہیں۔ جوبائیڈن نے منگل کو ٹویٹر پر پوسٹ کی گئی تین منٹ کی ویڈیو میں کہا کہ ہر نسل کے پاس ایک ایسا لمحہ آتا ہے جہاں انہیں جمہوریت اور اپنی بنیادی آزادیوں کے لیے کھڑا ہونا پڑتا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ یہ ہمارا لمحہ ہے۔
صدر نے مزید ٹویٹ کیا کہ اسی لیے میں ریاستہائے متحدہ کے صدر کے طور پر دوبارہ انتخاب میں حصہ لے رہا ہوں۔ ہمارے ساتھ شامل ہوں، آئیے کام ختم کریں۔" الجزیرہ کے مطابق ایک حالیہ سروے میں پایا گیا ہے کہ ڈیموکریٹس کی اکثریت نے کہا ہے کہ وہ اگلے سال کے انتخابات میں ریپبلکن چیلنجر کے خلاف 80 سالہ بائیڈن کی حمایت کریں گے۔ قابل ذکر ہے کہ بائیڈن تاریخ کے سب سے معمر امریکی صدر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
دریں اثنا، جیسے جیسے 2024 کے امریکی صدارتی انتخابات قریب آرہے ہیں، کنزرویٹو ٹاک ریڈیو کے میزبان لیری ایلڈر نے بھی ریپبلکن صدارتی ٹکٹ کے لیے اپنی امیدواری کا اعلان کر دیا ہے، لیری ایلڈر نے جمعرات کو ٹویٹ کیا کہ امریکہ زوال کا شکار ہے، لیکن یہ زوال ناگزیر نہیں ہے۔ ہم ایک نئے امریکی سنہری دور میں داخل ہو سکتے ہیں، لیکن ہمیں ایک ایسے رہنما کا انتخاب کرنا چاہیے جو ہمیں وہاں لے آئے۔ اسی لیے میں صدر کے لیے انتخاب لڑ رہا ہوں۔