واشنگٹن: امریکہ یوکرین کو 50 ایم 1 ابرامس ٹینک بھیجنے کا منصوبہ بنا رہا ہے اور وہ بدھ کو اس سلسلے میں اعلان کر سکتا ہے۔ ترک خبر رساں ایجنسی انادولو نے ایک امریکی اہلکار کے حوالے سے یہ اطلاع دی۔ ایجنسی نے منگل کو کہا کہ امریکہ ممکنہ طور پر جنگ زدہ یوکرین میں ایم 1 ابرامس ٹینکوں کو بطور امداد بھیجنے کے لیے اس ہفتے ایک فیصلے کا اعلان کر سکتا ہے۔ یہ اعلان مبینہ طور پر جرمنی کے ساتھ اپنے لیپرڈ 2 ٹینکوں کی ایک چھوٹی سی تعداد یوکرین کو فراہم کرنے کے وسیع معاہدے کا حصہ ہوگا۔
امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے پریس سیکریٹری پیٹ رائڈر نے بتایا کہ یوکرین نے مغربی ممالک سے درخواست کی ہے کہ وہ روس کا مقابلہ کرنے کے لیے کم از کم 300 ٹینک بھیجیں۔ ابرامز ٹینک پیچیدہ گاڑیاں ہیں جن کی مناسب دیکھ بھال کی ضرورت ہوتی ہے۔رائڈر نے تاہم اس بارے میں کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا کہ آیا امریکہ انہیں ابرامز ٹینک چلانے کی تربیت فراہم کرے گا۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ روس نے 24 فروری 2022 کو یوکرین میں خصوصی فوجی آپریشن شروع کیا تھا، جس کے بعد مغربی ممالک نے یوکرین کے لیے اپنی فوجی مدد بڑھا دی تھی۔ ماسکو نے اپریل میں نیٹو کے رکن ممالک کو ایک نوٹ بھیجا، جس میں کیف کو ان کی فوجی امداد کی مذمت کی گئی۔ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے خبردار کیا ہے کہ یوکرین کی سرزمین پر ہتھیاروں کی کسی بھی کھیپ روسی فوج کے لیے 'جائز ہدف' ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں: Challenger 2 tanks For Ukraine برطانیہ نے یوکرین کو چیلنجر 2 ٹینک بھیجنے کی تصدیق کردی
یو این آئی