نیویارک: اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوٹیریئس نے پیر کو کہا کہ اس سال 70 سے زیادہ صحافی مارے گئے ہیں اور اس وقت ریکارڈ تعداد میں میڈیا پرسنز جیلوں میں بھی ہیں۔ عالمی ادارے نے کہا کہ صحافیوں کو جیل میں ڈالنے اور جان سے مارنے کی دھمکیوں جیسے واقعات میں اضافہ بھی ہو رہا ہے۔ انھوں نے حکومتوں اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ صحافیوں کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کریں۔UN chief Urges to Protect Journalists
گوٹیریئس کا یہ تبصرہ 2 نومبر کو صحافیوں کے خلاف جرائم سے تحفظ کے عالمی دن سے پہلے آیا ہے۔ سیکریٹری جنرل نے کہا کہ جمہوریت کے لیے کام کرنے، غلط کاموں کو بے نقاب کرنے اور پائیدار ترقی کے اہداف کو آگے بڑھانے کے لیے آزاد پریس بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک، اس سال 70 سے زیادہ صحافی معاشرے میں اس کردار کو نبھاتے ہوئے مارے جا چکے ہیں، ان میں سے زیادہ تر جرائم کو ابھی تک حل نہیں کیا گیا ہے۔
گٹیریئس نے کہا کہ دریں اثنا، اسی دوران ریکارڈ تعداد میں صحافی جیلوں میں بھی ہیں اور انہیں قید، تشدد اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کے واقعات میں اضافہ بھی ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غلط معلومات، آن لائن غنڈہ گردی اور نفرت انگیز تقاریر میں اضافہ، خاص طور پر خواتین صحافیوں کے خلاف، دنیا بھر میں میڈیا ورکرز کو دبانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قانونی، مالی اور دیگر ذرائع کے غلط استعمال سے صحافیوں کو ڈرانا طاقتور کو جوابدہ بنانے کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ یہ رجحانات صرف صحافیوں کو ہی نہیں بلکہ پورے معاشرے کے لیے خطرہ ہیں۔ صحافیوں کی حفاظت پر اقوام متحدہ کے ایکشن پلان کا مقصد تمام میڈیا ورکرز کے لیے ایک محفوظ اور آزاد ماحول پیدا کرنا ہے۔
گٹیرس نے کہا کہ جب ہم اس کی دسویں سالگرہ منا رہے ہیں، میں حکومتوں اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ ہمارے صحافیوں کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کریں۔ ہمیں صحافیوں کو اپنا ضروری کام کرنے کے قابل بنانا چاہیے۔ صحافیوں کے خلاف جرائم سے تحفظ کے اس بین الاقوامی دن پر آئیے اپنے میڈیا ورکرز کو عزت دیں اور سب کے لیے سچائی، انصاف اور انسانی حقوق کے لیے کھڑے ہوں۔
یہ بھی پڑھیں:
قابل ذکر ہے کہ رپورٹرز ودآؤٹ بارڈرز کی جانب سے شائع کردہ پریس فریڈم انڈیکس 2022 میں بھارت 180 ممالک میں 150 ویں نمبر پر تھا۔ واضح رہے کہ مارچ 2022 میں ممبئی کے ہوائی اڈے کے حکام نے ایک ممتاز خاتون مسلم صحافی رعنا ایوب کو صحافت کے ایک پروگرام سے خطاب کرنے کے لیے لندن جانے سے روک دیا تھا۔
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے 12 اکتوبر کو اینٹی منی لانڈرنگ قانون کے تحت ان کے خلاف چارج شیٹ دائر کی، جس میں الزام لگایا گیا کہ انھوں نے اپنے لیے 2.69 کروڑ روپے کے فنڈز کا عوامی طور پر استعمال کیا اور غیر ملکی شراکت قانون کی بھی خلاف ورزی کی۔ رعناایوب نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اسے نشانہ بنانے اور دھمکانے کی ایک اور مایوس کوشش تھی۔
ایک اور مسلم صحافی صدیق کپن اکتوبر 2020 سے جیل میں ہیں۔ان کے خلاف انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے ایک کیس کی تحقیقات جاری ہے۔ اسے اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ اتر پردیش کے ہاتھرس جا رہا تھا، جہاں ایک دلت خاتون کی مبینہ طور پر عصمت دری کے بعد موت ہو گئی تھی۔
آلٹ نیوز کے شریک بانی محمد زبیر، جنہیں دہلی پولیس نے ان کے قابل اعتراض ٹویٹس کے لیے گرفتار کیا تھا، سپریم کورٹ کی مداخلت کے بعد ان کے خلاف درج چھ مقدمات میں ان کی فوری رہائی کے حکم کے بعد جیل سے رہائی ممکن ہوسکی۔