رام اللہ: مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے 2 فلسطینی جاں بحق ہوگئے اور اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ دونوں مشتبہ افراد اسرائیلی فوجیوں پر حملہ کرنے کی کوشش کررہے تھے۔Israeli Army Kills Two palestinians
ڈان میں شائع غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شمالی مغربی کنارے میں رواں سال مارچ کے بعد سے تقریباً روزانہ بدامنی دیکھی جارہی ہے اور اسرائیلی فورسز کی جانب سے مغربی کنارے پر چھاپے مارے جارہے ہیں جس کے نیتجے میں کئی فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں۔حالیہ ہلاکتیں رام اللہ کے شمال میں واقع جیزلون پناہ گزین کیمپ میں ہوئیں، اسرائیلی فورسز کا کہنا تھا کہ گاڑی میں سوار افراد میں سے ایک شخص کو دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے شبے میں گرفتار کیا گیا ہے۔
اسرائیلی فورسز کا کہنا تھا کہ گاڑی میں بیٹھے 2 مشتبہ افراد اسرائیلی فوجیوں پر حملہ کرنے کی کوشش کررہے تھے، اسرائیلی فورسز نے جوابی فائرنگ کرتے ہوئے 2 مشتبہ افراد پر گولی چلائی جس کے بعد وہ جاں بحق ہوگئے۔
فلسطین کی وزارت صحت کا کہنا تھا کہ جاں بحق افراد میں ایک 19 سالہ باسل باسبوس اور 20 سالہ خالد عنبر شامل ہیں جبکہ 19 سالہ رفعت حبش شدید زخمی ہیں۔جاں بحق خالد عنبر کی والدہ ام خالدہ دباس کا کہنا تھا کہ 'مجھے یقین ہے کہ میرا بیٹا کسی حملے میں ملوث نہیں تھا، وہ صرف گاڑی چلا رہے تھے، ان کے ہاتھوں میں کچھ نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ ’اسرائیل فورسز انہیں گرفتار بھی کرسکتی تھیں، انہوں نے گولی کیوں چلائی؟۔'
واقعے کے بعد رام اللہ میں شہریوں کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا اور عام ہڑتال کی کال دی گئی، شہر کے بیشتر کاروباری مراکز بند کردیے گئے اور ٹائر بھی جلائے گئے، مظاہرین نے کاروباری مراکز مکمل طور پر بند کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
یو این آئی