راملہ: مغربی کنارے میں جمعہ کے روز دو مختلف واقعات میں اسرائیلیوں کے ساتھ جھڑپوں کے دوران دو فلسطینی ہلاک ہو گئے۔ یہ اطلاع فلسطینی وزارت صحت نے دی۔ وزارت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 19 سالہ قصی معطن نابلس کے شمال مغرب میں برقع گاؤں میں جھڑپوں کے دوران اسرائیلی باشندوں کے ذریعہ گولی لگنے سے ہلاک ہو گیا۔ جبکہ دو دیگر فلسطینی معمولی طور پر زخمی ہوگئے ہیں۔
فلسطینی عینی شاہدین نے بتایا کہ برقع میں درجنوں فلسطینیوں اور اسرائیلی باشندوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ وزارت کے مطابق 18 سالہ محمود ابو صعان کو اسرائیلی فوجیوں نے شمالی مغربی کنارے میں طولکرم کے قریب نور شمس پناہ گزین کیمپ میں جھڑپوں کے دوران سر میں گولی ماری جس سے اس کی موت ہوگئی۔
مزید پڑھیں: اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینی لڑکے کو چاقو سے حملہ کرنے کی کوشش کرنے پر کیا قتل
فلسطینی عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ پناہ گزین کیمپ میں جھڑپیں اس وقت شروع ہوئیں جب اسرائیلی فوجی دستے نے اسرائیلی سکیورٹی فورسز کو مطلوب فلسطینیوں کی گرفتاری کے لیے علاقے پر حملہ کیا۔ دریں اثنا، اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس کے فوجیوں نے ان فلسطینیوں پر فائرنگ کی جنہوں نے ان پر پتھر اور دھماکہ خیز مواد پھینکا تھا۔ فلسطینی نیشنل کونسل کے چیئرمین روحي فتوح نے ایک پریس بیان میں کہا کہ وہ "قابض فوجیوں کے ہاتھوں ابو صعان کے قتل" کی مذمت کرتے ہیں اور اسرائیلی حکومت کو "فلسطینی عوام کے خلاف جارحیت" کا ذمہ دار ٹھہراتے ہیں۔
یو این آئی