کیپ ٹاؤن: جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رامافوسا نے روسی صدر ولادیمیر پوتن سے یوکرین میں جنگ ختم کرنے کی اپیل کی ہے۔ رامافوسا نے یہ اپیل چھ دیگر افریقی ممالک کے ساتھ امن مشن کے ایک حصے کے طور پر ہفتے کے روز روس کے سینٹ پیٹرزبرگ میں پوتن سے ملاقات کے بعد کی۔ واضح رہے کہ یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے جمعہ کو وفد سے کہا کہ وہ یوکرین کی زمین پر قبضے کے دوران روس کے ساتھ بات چیت میں حصہ نہیں لیں گے۔
میٹنگ میں رامافوسا نے دونوں ممالک (روس اور یوکرین) کے جنگی قیدیوں کی واپسی پر بھی زور دیا اور کہا کہ روس کی طرف سے نکالے گئے بچوں کو گھر واپس دیا جانا چاہئے۔ یوکرین پر روس کے قبضے کے دوران سیکڑوں یوکرینی بچوں کو ان کے خاندانوں سے جبری علیحدگی پر بین الاقوامی فوجداری عدالت نے پوتن پر جنگی جرائم کا الزام عائد کیا ہے۔ جیسے ہی افریقی وفد نے بچوں کو ان کے اہل خانہ کے پاس واپس بھیجنے کا مطالبہ کیا، پوتن نے ان کی تقریر میں خلل ڈالا اور دعویٰ کیا کہ روس ان کی حفاظت کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچے مقدس ہوتے ہیں۔ ہم نے اس کی جان اور صحت کو بچاتے ہوئے اسے تنازعات کے علاقے سے باہر نکالا۔
دریں اثناء اقوام متحدہ نے کہا کہ ان کے پاس سینکڑوں یوکرینی بچوں کے روس اسمگل کیے جانے کے شواہد موجود ہیں۔ رامافوسا نے پوتن کو افریقہ پر جنگ کے اثرات کے بارے میں خبردار کیا اور کہا کہ اسے سفارت کاری کے ذریعے حل کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ ہمیشہ کے لیے نہیں چل سکتی۔ ہم یہاں ایک واضح پیغام دینے آئے ہیں کہ یہ جنگ ختم ہونی چاہیے۔‘‘
یہ بھی پڑھیں:
انہوں نے کہا کہ جنگ نے یوکرین سے اناج اور روس سے کھاد کی برآمدات کو سختی سے روک دیا ہے جس سے افریقی ممالک خاص طور پر سخت متاثر ہوئے ہیں۔ پوتن نے اناج کے بحران کے لیے مغرب کو ذمہ دار ٹھہرایا اور کہا کہ اقوام متحدہ نے بحیرہ اسود کے ذریعے غریب ممالک کو صرف تین فیصد اناج کی برآمدات کی اجازت دی ہے۔ روس نے بارہا شکایت کی ہے کہ مغربی پابندیاں اس کی اپنی زرعی برآمدات کو محدود کر رہی ہیں۔ (یو این آئی)