کیف: یوکرین کے صدر کے دفتر کے سربراہ آندرے یرمک نے کہا ہے کہ 'یوکرین سے اناج' پروگرام کے تحت پہلا اناج کا جہاز ایتھوپیا پہنچ گیا ہے۔ میڈیا نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔ یوکرینی میڈیا نے مسٹر یرمک کے حوالے سے بتایا کہ جہاز 25 ہزارٹن یوکرینی گندم لے کر ایتھوپیا پہنچا ہے۔
پچھلے مہینے، یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا تھاکہ "یوکرین سے اناج" پروگرام ایتھوپیا، صومالیہ اور یمن سمیت غریب ممالک میں بین الاقوامی انسانی خوراک کی حفاظت کے منصوبے میں مدد کرے گا۔
صدر زیلنسکی نے 26 نومبر کو، ہنگری، بیلجیئم، لتھوانیا اور پولینڈ کے سربراہان حکومت کے کیف کے دورے کے دوران، باضابطہ طور پر "گرین فرام یوکرین" پروگرام کا آغاز کیا تھا، جس میں طے کیاگیا کہ 2023 میں موسم بہار کے اختتام تک، یوکرین قحط اور خشک سالی کے خطرے سے دوچار ممالک ایتھوپیا، سوڈان، جنوبی سوڈان، صومالیہ، یمن، کانگو، کینیا اور نائجیریا میں اناج سے بھرے کم ازکم 60 جہاز بھیجے گا۔
روس، یوکرین، ترکی اور اقوام متحدہ کے درمیان 22 جولائی کو یوکرین کے بحیرہ اسود کی بندرگاہوں سے خوراک اور کھاد برآمد کرنے والے بحری جہازوں کو ایک سمندری راہداری فراہم کرنے پر اتفاق ہوا تھا۔ تاہم، روس کے صدر ولادیمیر پوتن کئی بار کہہ چکے ہیں کہ یوکرینی اناج والے بیشترجہاز دنیا کے غریب ترین ممالک میں نہیں پہنچ رہے ہیں اوریورپ میں ہی پہنچ کر ختم ہورہے ہیں۔ ساتھ ہی مسٹر پوتن نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا تھاکہ معاہدے کے مطابق روسی مصنوعات کو عالمی منڈیوں میں داخل نہیں ہونے دیاجارہا ہے جیسا کہ وعدہ کیاگیا تھا۔ اس کے بعد، اناج کا معاہدہ، جو اصل میں 19 نومبر کو ختم ہونے والا تھا، کو120 دنوں کے لیے بڑھا دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: Russia Ukraine War روس ہمیں زمین سے مٹانے کی کوشش کر رہا ہے، یوکرینی صدر زیلنسکی
یواین آئی