خرطوم: سوڈان کے نیم فوجی گروپ ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کے کمانڈر محمد حمدان ڈغلو نے عیدالاضحی کے موقع پر ملک میں یکطرفہ طور پر جنگ بندی کا اعلان کیا ہے۔ کمانڈر ڈغلو نے پیر کو العربیہ نیوز چینل کو بتایا کہ ہم کل یعنی 27 جون سے شروع ہونے والی عیدالاضحی کے موقع کی مناسبت سے یکطرفہ جنگ بندی کا اعلان کرتے ہیں۔ سوڈانی مسلح افواج نے اب تک اس معاملے پر کوئی سرکاری بیان نہیں دیا ہے۔
خیال ر ہے کہ 15 اپریل کو خرطوم میں سوڈان کی باقاعدہ مسلح افواج اور آر ایس ایف کے نیم فوجی گروپ کے درمیان پرتشدد تصادم شروع ہوئے تھے۔ حکومتی فورسز نے آر ایس ایف پر بغاوت کا الزام لگایا اور ان کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے۔ مسلح افواج کے چیف برہان نے آر ایس ایف کو تحلیل کرنے کا حکم جاری کیا۔ اس کے بعد سے دونوں فریقوں نے پورے ملک میں کئی عارضی جنگ بندیوں پر عمل درآمد کیا ہے، لیکن تنازعہ اب تک حل نہیں ہو سکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
- سوڈان کی صورت حال ایک انسانی تباہی میں بدل رہی ہے، اقوام متحدہ
- اقوام متحدہ کا سوڈان میں انسانی امداد کے اثاثوں کو نشانہ بنانے پر شدید ردِ عمل
اقوام متحدہ کا تخمینہ ہے کہ 12 جون تک دونوں فریقوں کے درمیان تصادموں میں کم از کم 958 افراد ہلاک اور 4,700 زخمی ہو چکے ہیں، جب کہ 2.1 لاکھ سے زیادہ لوگ اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ وہیں اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ سوڈان میں صورت حال ایک انسانی تباہی میں تبدیل ہو رہی ہے۔ تقریباً 1.7 ملین لوگ اندرونی طور پر بے گھر ہو چکے ہیں، جب کہ تقریباً 5 ملین نے سوڈان سے باہر پناہ لے رکھی ہے۔ (یو این آئی)