لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے صدر چودھری پرویز الٰہی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ چودھری پرویز الہٰی کو لاہور میں ان کے گھر کے قریب سے گرفتار کیا گیا، پرویز الٰہی کو اینٹی کرپشن پولیس نے گرفتار کیا۔ ذرائع کے مطابق پرویز الہٰی اپنی گاڑی میں جا رہے تھے کہ پولیس نے گاڑی روک کر انہیں گرفتار کیا، اینٹی کرپشن حکام پرویز الٰہی کو دوسری گاڑی میں بٹھا کر اپنے ساتھ لے گئے۔ پرویز الٰہی کے ترجمان نے بھی سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی گرفتاری کی تصدیق کر دی ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے بھی پرویز الٰہی کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا پرویز الٰہی پولیس کو مطلوب تھے اور انہیں فرار ہونے کی کوشش میں گرفتار کر لیا گیا۔ عامر میر نے کہا کہ چودھری پرویز الٰہی چھپنے کی کوشش میں ماہر ہیں لیکن چونکہ کچھ روز سے علاقے کا محاصرہ کر رکھا تھا اور اگر وہ آج بھی نہ نکلتے تو شاید گرفتار نہ ہوتے۔ انہوں نے کہا بتایا کہ پرویز الٰہی کی گرفتاری کے دوران مزاحمت بھی کی گئی اور جس گاڑی میں وہ موجود تھے وہ بلٹ پروف تھی، دروازہ کھولنے کی کوشش کی گئی تو دروازہ نہ کھولا گیا جس کے بعد گاڑی کے شیشے توڑنے کی کوشش کی گئی اور پھر جب گاڑی کا دروازہ کھلا تو اندر سے پرویز الٰہی برآمد ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں:
سابق وزیراعلی پنجاب پرویز الٰہی کے خلاف اینٹی کرپشن کے متعدد مقدمات درج ہیں، ان مقدمات میں پرویز الٰہی کے خلاف ترقیاتی اسکیموں میں کِک بیکس لینے کے الزامات ہیں۔ یاد رہے کہ پرویز الٰہی نے کرپشن کے مقدمے میں عدالت میں عبوری ضمانت کی درخواست دائر کی تھی تاہم گوجرانوالہ کی اینٹی کرپشن عدالت نے پرویز الٰہی کی درخواست مسترد کردی تھی کیونکہ ضمانت کے لیے ملزم کا عدالت میں پیش ہونا ضروری ہوتا ہے۔ پولیس کی جانب سے اس سے قبل بھی پرویز الٰہی کی گرفتاری کے لیے کئی بار چھاپے مارے تھے تاہم ان کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی تھی۔ (یو این آئی)