پشاور: گورنر خیبر پختونخواہ حاجی غلام علی نے وزیر اعلیٰ محمود خان کی جانب سے اسمبلی تحلیل کرنے سے متعلق ارسال کی گئی سمری پر دستخط کر دیے۔ گورنر خیبر پختونخوا کی جانب سے وزیراعلیٰ محمود خان اور قائد حزب اختلاف اکرم خان درانی کو ارسال کیے گئے اسمبلی تحلیل کرنے کے نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخواہ اسمبلی اور صوبائی کابینہ کو آئین کے آرٹیکل 112 کی شق ون کے تحت فوری طور پر تحلیل کر دیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے آئین کے آرٹیکل 112(1) کے تحت اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری 17 جنوری کو گورنر کو ارسال کی تھی۔ قانون کے مطابق وزیر اعلیٰ کے مشورے پر گورنر صوبائی اسمبلی تحلیل کر دیں گے اور اگر وزیر اعلیٰ کی ایڈوائس پر گورنر اسمبلی تحلیل نہیں کرتے تو 48 گھنٹے کے بعد اسمبلی از خود تحلیل ہو جائے گی۔
گورنر کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ نگراں وزیراعلیٰ کا تقرر وزیر اعلیٰ محمود خان اور قائد حزب اختلاف اکرم خان درانی کی مشاورت کے ساتھ گورنر کی جانب سے کیا جائے گا، اس سلسلے میں گورنر نے ہدایت کی ہے کہ وہ 21 جنوری تک اس عہدے کے لیے اپنے نامزد امیدواروں کے نام فراہم کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نگران وزیراعلیٰ کے تقرر تک محمود خان صوبے کے روزمرہ کے امور انجام دینے کے لیے اپنے عہدے پر فائز رہیں گے اور ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔
گورنر کے دستخط کے بعد خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل ہو گئی ہے، اس سے قبل وزیر اعلیٰ محمود خان نے اپنی ٹوئٹ میں سمری بھیجنے کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ دو تہائی اکثریت حاصل کرکے قائد عمران خان کو دوبارہ وزیراعظم بنائیں گے۔ اس سے قبل اتوار کو وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے اپنی ٹوئٹ میں کہا تھا کہ قائد عمران خان کے حکم کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی کی تحلیل کے لیے سمری بروز منگل گورنر کو ارسال کر دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: Pakistan Political Crisis کیا پاکستان میں دوبارہ حکومت گرنے والی ہے؟
انہوں نے کہا تھا کہ انشااللہ تحریک انصاف دوتہائی اکثریت سے دوبارہ حکومت میں آئے گی۔ اس سے قبل خیبر پختونخوا اسمبلی گزشتہ ماہ تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن پنجاب کی صورتحال واضح ہونے تک یہ فیصلہ مؤخر کر دیا گیا تھا۔ خیال رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے 11 جنوری کو اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے بعد اگلے روز صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کے لیے سمری پر دستخط کر دیے تھے اور سمری گورنر پنجاب کو بھیج دی تھی۔
بعد ازاں گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن نے اسمبلی تحلیل کرنے کے لیے سمری موصول ہونے کی تصدیق کی تھی، تاہم 48 گھنٹے کی مدت ختم ہونے کے باوجود انہوں نے سمری پر دستخط نہیں کیے تھے اور یوں اسمبلی از خود تحلیل ہو گئی تھی۔ (یو این آئی)