اسلام آباد: پاک بحریہ نے بحیرہ عرب میں کارروائی کرتے ہوئے 280 کلو گرام منشیات ضبط کی ہے۔ پاکستان نیوی کے ایک بیان کے مطابق، منگل کو جہاز پر علاقائی میری ٹائم سیکورٹی گشت میں تعینات کوسٹ گارڈ نے سمندر میں ایک مشتبہ ماہی گیری کی کشتی کو روکا اور تلاشی کے دوران بڑی مقدار میں منشیات برآمد کی۔ بیان کے مطابق پکڑی گئی منشیات کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 1.5 کروڑ امریکی ڈالر بتائی جاتی ہے۔پاکستانی بحریہ نے اس کشتی کو بھی قبضے میں لے لیا اور اس میں سوار عملے کے ارکان کو گرفتار کر کے قانونی کارروائی کے لیے انہیں پاکستان کی انفورسمنٹ ایجنسیوں کے حوالے کر دیا۔ گرفتار ملزمان کی تعداد اور ان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک بحریہ کے کامیاب انسداد منشیات آپریشن نے اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ ملک کی بحریہ اپنے میری ٹائم زونز میں غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے پرعزم ہے۔
اس سے قبل گجرات کے اے ٹی ایس اور انڈین کوسٹ گارڈ نے پانچ ایرانی شہریوںکو 425 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کی منشیات کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا۔ حکام کے مطابق گرفتاریاں اور منشیات کی برآمدگی پیر کی رات میں کی گئی۔ اس آپریشن کو اے ٹی ایس اور انڈین کوسٹ گارڈ نے بھارت کے پانیوں میں منشیات کی اسمگلنگ سے متعلق مخصوص انٹیلی جنس معلومات کے بعد شروع کیا تھا۔ ایک اہلکار نے بتایا کہ یہ کارروائی انڈین کوسٹ گارڈ، آئی سی جی ایس میرامبھن اور آئی سی جی ایس ابھییک جہازوں نے منشیات کی اسمگلنگ سے متعلق انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی تھی۔
یو این آئی