اسلام آباد: پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر چار روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے ہیں جس کا مقصد دو طرفہ دفاعی تعلقات کو فروغ دینا ہے۔ جنرل عاصم منیر نے اس دوران اپنے چینی ہم منصب سے تفصیلی ملاقات بھی کی، ملاقات میں فوجی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) آرمی ہیڈ کوارٹرز بھی پہنچے جہاں آرمی چیف کو چینی چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
آرمی چیف کی چینی ہم منصب سے تفصیلی ملاقات بھی ہوئی، ملاقات میں باہمی سیکیورٹی امور اور فوجی تعاون پر تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں جانب سے خطے میں امن و استحکام کی ضرورت پر زور دیا گیا جبکہ فوجی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ آرمی چیف نے پی ایل اے کے جوانوں کی آپریشنل صلاحیتوں کا مظاہرہ بھی دیکھا اور جوانوں کی پیشہ وارانہ مہارت اور تربیتی معیار کو سراہا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف دیگر چینی عسکری قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال نومبر میں پاک فوج کی کمان سنبھالنے کے بعد سے جنرل عاصم منیر کا یہ چوتھا بیرون ملک دورہ ہے۔ جنوری میں انہوں نے اپنی تعیناتی کے بعد بیرون ملک اپنے پہلے سرکاری دورے پر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کا دورہ کیا اور ایک ماہ بعد انہوں نے برطانیہ کی وزارت دفاع کی دعوت پر وہاں کا بھی دورہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں:
- پاک آرمی چیف کی یو اے ای کے صدر سے ملاقات، دفاعی امور پر تبادلہ خیال
- پاک آرمی چیف کی سعودی ولی عہد سے ملاقات
واضح رہے کہ پاکستان میں موجودہ سیاسی انتشار کی وجہ سے معاشی بحران مزید سنگین ہوتا جارہا ہے۔ پنجاب میں انتخابات کے انعقاد پر ایک طرف متحدہ حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے معزول وزیراعظم عمران خان اور دوسری طرف حکومت اور عدلیہ کے درمیان لڑائی نے مالی بحران کو مزید بڑھا دیا ہے۔ (یو این آئی مشمولات کے ساتھ)